مجید نظامی نے آزادی کشمیر کیلئے آواز اٹھائی،کلمہ حق بلند رکھا: اختر اقبال ڈار

Apr 05, 2025

شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ امام صحافت ڈاکٹر مجید نظامی نے ہمیشہ کلمہ حق بلند کیا۔ وہ کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے اور کشمیر کی آزادی کیلئے اٹھائی جانے والی ہر آواز کو نوائے وقت کے پلیٹ فارم پر تقویت پہنچایا کرتے تھے۔ ڈاکٹر مجید نظامی ایک ہمدرد، مخلص اور پاکستان سے محبت کرنے والی شخصیت تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امام صحافت مجید نظامی کی سالگرہ کے موقع پر نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اختر ڈار نے کہاکہ تاریخ گواہ ہے کہ ڈاکٹر مجید نظامی نے ہر آمر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہا اور جمہوریت کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ آج کے نوجوان صحافیوں کو چاہئے کہ وہ ڈاکٹر مجید نظامی کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر پاکستان کی بہتری، مضبوطی اور جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ اگر ڈاکٹر مجید نظامی زندہ ہوتے تو بانی پی ٹی آئی کے دور میں کشمیر پر ہونے والی سودا بازی کو بھرپور طریقے سے عوا م کے سامنے عیاں کرتے۔ آج بھی نوائے وقت اخبار میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی تسلط اور فوجی محاصرے کا اشتہار لگایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا نوائے وقت پاکستان کا سب سے بڑا اور معتبر اخبار ہے اور امام صحافت مجید نظامی کی بیٹی رمیزہ مجید نظامی والد کے مشن کو آگے لے کر چل رہی ہے۔

مزیدخبریں