بجلی کی قیمتیں جنوبی ایشیائی خطے میں سب سے زیادہ ہیں:جاوید قصوری  

Apr 05, 2025

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا بجلی کی قیمتوں میں کمی مہنگائی کے تناسب سے کی جانی چاہئے تھی، اس وقت بھی بجلی کی قیمتیں جنوبی ایشیائی خطے میں سب سے زیادہ ہیں۔ آئی پی پیز کی لوٹ مار نے توانائی سیکٹر کو عملاً مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ حکومت واضح طور پر معاشی پالیسیوں کو سودی نظام اور آئی ایم ایف کے شکنجے سے باہر نکال لے تو حالات ٹھیک ہو جائیں گئے۔ اپنے اللوں تللوں کا خاتمہ کریں اور زیادہ سے زیادہ مہنگائی کی چکی میں پسے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جانے چاہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران عوام کے خون پسینے کی کمائی ٹیکسوں کی مد میں لوٹ کر اپنے شاہانہ پروٹوکول پر خرچ کر رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔ بجلی کے بلوں پر 13 مختلف اقسام کے ٹیکس نافذ ہیں۔ عوام بلوں کی ادائیگی کیلئے قیمتی سامان زیورارت تک فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ پی ڈی ایم ٹو کی حکومت بھی پی ڈی ایم ون اور کیئر ٹیکر حکومت کا تسلسل ہی ہے۔ ہر چیز کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہی ہے اور کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔ ہم تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ تنقید برائے اصلاح پر یقین رکھتے ہیں اورجب تک عوام کو مکمل ریلیف نہیں مل جاتا اس وقت تک اپنا فریضہ سر انجام دیتے رہیں گے۔

مزیدخبریں