کوروناوائرس سے بچائوکاسامان نہ ملنے پیرامیڈیکل اسٹاف کامظاہرہ
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) لاڑکانہ چانڈکا اسپتال کے پیرا میڈکس اور نرسوں کو کورونا وائرس سے بچاؤ کے احتیاطی سامان کی فراہم ممکن نہ ہوسکی پیرا میڈکس کا احتجاج جبکہ تعلقہ اسپتال قمبر میں ایم ایس کی جانب سے ڈاکٹروں اور پیرامیڈکس کو سامان مہیا نہیں کیا جارہا ہے، تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں چانڈکا اسپتال کے زیر نگرانی سول اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں میں کورونا وائرس کے خدشکے باعث ایمرجنسی ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے پیرا میڈکس عملے نے احتیاطی سامان کی عدم فراہمی کے خلاف او پی ڈیز کا بائیکاٹ کرکے سول اسپتال کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا، اس موقع پر ملازم رہنماؤں ضمیر سانگی، منور منگی و دیگر کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے پیش نظر میں ہم دن اور رات کے اوقات میں ایمرجنسی ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں لیکن ہمیں فیس ماسک، ہینڈ سینیٹائیزر، ہینڈ گلوز و دیگر سامان فراہم نہ کرکے ہماری زندگیوں سے کھیلا جا رہا ہے، ہم وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے احتیاطی سامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر او پی ڈیز کا بائیکاٹ کیا جائے گا، لاڑکانہ میں پراونشل نرسز ایسوسی ایشن ڈویزن لاڑکانہ کی جانب سے دوران ڈیوٹی کورونا وائرس سے بچاؤ کے سامان کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس طلب کیا گیا جس میں ڈویزنل صدر منصور پنہور، نائب صدر روبینہ شبنم، سیکریٹری جنرل ماجد مہر، کوآرڈینیٹر افتخار مہر سمیت مرد و خواتین نرسز نے شرکت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دوران ڈیوٹی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فیس ماکس، ہیڈ سینیٹائیزر و دیگر سامان فراہم کی جائیں بصورت دیگر ڈیوٹیوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔