مظلوم کشمیریوں سے ا ظہار یکجہتی کیلئے ملک گیر احتجاج کیا جائیگا: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ سعید نے کہا ہے کہ کشمیر کی تحریک تیزی سے منزل کی جانب بڑھ رہی ہے۔ جہاں شہداء کا خون گر جائے اس تحریک کو کوئی کامیابی سے نہیں روک سکتا۔ مظلوم کشمیری مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے کل جمعہ 6اپریل کو ملک گیراحتجاج کیا جائے گا۔ تحصیل و اضلاع کی سطح پر شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام خطبات جمعہ میں کشمیر میں جاری قتل و غارت گری کو موضوع بنائیں گے اور بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج اسرائیلی ماہرین کے تعاون سے کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے۔ کشمیر کا حصول پاکستان کے لئے ز ندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ اس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے اور یہ پاکستان کی شہ رگ ہے۔ بھارت پچھلے ستربرسوں سے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔