ملتان میں آندھی، فضا گرد آلود، کوٹ ادو میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار
ملتان (خبر نگار خصوصی،نامہ نگار خصوصی، نمائندوں سے) ملتان شہر و گرد و نواح میں گزشتہ شب تیز رفتار آندھی سے موسم گرد آلود ہو گیا اور گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا۔ آندھی کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی۔ زرعی ماہرین کے مطابق آندھی کے فصلوں پر منفی اثرات پڑیں گے، گندم کی برداشت میں تاخیر ہونے کا خدشہ ہے۔ آم کا بور حالیہ آندھی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ جبکہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے، گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بدھ کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 36.5 کم سے کم 22.7 بہاولپور زیادہ سے زیادہ 36.7 کم سے کم 20.1 رحیم یار خان زیادہ سے زیادہ 40.7 کم سے کم 21 خان پور زیادہ سے زیادہ 37 کم سے کم 20.5 ڈی جی خان زیادہ سے زیادہ 36.7 کم سے کم 21.8 کروڑ لعل عیسن زیادہ سے زیادہ 33.5 کم سے کم 20.5 کوٹ ادو زیادہ سے زیادہ 37 کم سے کم 23.7 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ چوک میتلا سے نامہ نگار کے مطابق چوک میتلا اور گرد و نواح کے علاقوں میں اچانک گرد آلود آندھی اور ٹھنڈی ہوا چلنے سے موسم انتہائی خوشگوار ہو گیا۔ تیز آندھی چلنے سے گندم کی کھڑی فصل کو نقصان کا خدشہ ہے۔ کوٹ ادو سے خبر نگار کے مطابق کوٹ ادو و گرد و نواح میں گرد آلود آندھی کے ساتھ ہلکی بوندا باندی، آندھی سے سائن بورڈ سمیت کئی درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔ بجلی و ٹیلی فون کا نظام بھی معطل ہو گیا۔کئی گھنٹے بجلی بند رہی، آسمان پر کالے بادل امد آئے اور گرد آلود تیز آندھی کے ساتھ ہلکی بوندا باندی شروع ہو گئی۔ بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ملتان میں گزشتہ روز آندھی کے باعث بجلی کا نظام شدید متاثر متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث درجنوں علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے میپکو لائن سٹاف کی بحالی کیلئے کام میں مصروف رہا جس کے باوجود بھی شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم رہے۔