جنوبی ایشیاکا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے ،شیعہ علماء کونسل
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)شیعہ علماء کونسل پاکستان نے مقبوضہ وادی میں مظلوم کشمیریوں پر بے پناہ مظالم اور جنازوں پر بھی فائرنگ کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہادت اور معصوم بچوں و خواتین پر پلیٹ گنز سے کئے جانیوالے حملوں پر گہر ے دکھ کا اظہار کیاہے، غزہ میں اپنے حق کیلئے احتجاج کرنیوالوں پرصیہونی افواج کے حملے اور افغانستان میں مدرسہ پر بمباری کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، علامہ عارف واحدی نے کہاکہ بھارتی مظالم کیخلاف شدید رد عمل کی ضرورت ہے، جنوبی ایشیاکا پائیدار امن بھی مسئلہ کشمیر سے جڑا ہے ، انتہائی تعجب کہ پوری دنیاکشمیر بارے بھارتی اقدامات کی مذمت کررہی ہے مگر وہ مسلسل کشمیر اور ایل او سی پر بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنارہاہے ،پاکستان کو موثر سفارتکاری کے ذریعے سب سے بڑی جمہوریت کے دعویدارملک کے چہرے سے نقاب اتارنا چاہیے، مسلم ممالک کو بھی بھارت اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اپنی پالیسیوں پر غور کرنا ہوگا۔