میو ہسپتال میں ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 46 سالہ خاتون جاں بحق، ورثاء کا احتجاج
لاہور(نامہ نگار) میو ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر کی مبینہ غفلت سے 45سالہ مریضہ خاتون دم توڑ گئی ہے۔ جس پر خاتون کے ورثاء سراپا احتجاج بن گئے اور انہوں نے متوفیہ نعش ہسپتال ایمرجنسی کے باہر رکھ کر شدید نعرے بازی کی ۔ شالیمار روڈ کے اصغر علی کی بیوی 46سالہ مسرت بی بی میو ہسپتال میں زیرعلاج تھی۔ لواحقین کاکہنا ہے کہ لیڈی ڈاکٹرسائرہ نے مسرت بی بی کو غلط انجکشن لگایا جس سے اسکی حالت خراب ہونا شروع ہو گئی۔ لیڈی ڈاکٹر نے تلخ کلامی کے بعد مسرت بی بی کا علاج کرنے سے انکار کردیااس دوران حالت بگڑنے پر مریضہ کو آئی سی یو منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی ہے جس پر ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے نعش ہسپتال ایمرجنسی کے باہر رکھ کر شدید نعرے بازی کی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کرکے انہیں انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پرمطاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔ پولیس کے مطابق قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی۔ ہسپتال انتظامیہ نے معاملے کی انکوائری کا حکم دیدیا ہے۔ انکوائری کے بعد اصل حقائق واضح ہو جائیں گے۔