بھٹو خاندان جمہوریت پر قربان ہوگیا، داماد کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے: پرویز رشید
اسلام آباد (آن لائن) سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ جمہوریت پر وار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر جمہوریت کے ساتھ کھڑے ہوں گے، آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پرویزرشید نے کہا کہ بلوچستان میں دو سیاسی جماعتیں کام کررہی تھیں ایک کا نام پاکستان مسلم لیگ (ن) اور دوسری کا نام پاکستان پیپلزپارٹی تھا دونوں سیاسی جماعتوں کے نام میں لفظ ’’پاکستان‘‘ موجود تھا جسے ختم کرکے ناعاقبت اندیشوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کا نام دیا‘ ان ناعاقبت اندیشوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان کی بقاء جمہوریت میں ہی ہے اور اس سے ہی ملک ترقی کرے گا۔ بہت ہوچکا یہ اکیسویں صدی ہے بہت کچھ بدل گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاستدانوں نے جمہوریت کیلئے ماریں کھائی ہیں جیلیں کاٹی ہیں مگر جمہوریت پر آنچ نہیں آنے دی‘ بھٹو خاندان جمہوریت پر قربان ہوگیا مگر آج ان کا داماد کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل رہا ہے۔