جسٹس فائز عیسٰی کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت آج تک ملتوی، درخواست گزار پیش نہ ہوئے تو مناسب کارروائی کریں گے، چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تقرری سے متعلق کیس کی سماعت درخواست گزار ریاض حنیف راہی کی عدم حاضری کے باعث آج صبح ساڑھے 9بجے تک ملتوی کردی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے ہیں کہ اگر درخواستگزار پیش نہ ہوئے تو مناسب کارروائی کریں گے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی تعیناتی کیخلاف ریاض حنیف راہی کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار وکیل کے اسسٹنٹ نے التواء کی درخواست دی اور موقف اپنایا کہ ریاض حنیف راہی والد کی بیماری کے باعث شہر سے باہر ہیں، عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم کہہ چکے ہیں بلاوجہ مقدمات ملتوی نہیں کریں گے، ریاض حنیف راہی آج رات تک پیش ہو جائیں، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ درخواستگزار کا آج واپس آنا ممکن نہیں، جس پر چیف جسٹس نے مقدمے کی سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے ریاض حنیف راہی کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی، چیف جسٹس نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر درخواست گزار پیش نہ ہوئے تو مناسب کارروائی کریں گے۔