نواز شریف کا نظریہ انقلاب آخری سانس تک اقتدار کو تحفظ دینے کی ناکام کوشش ہے: طاہرالقادری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ جن ایوانوں میں قاتل، نا اہل اور کرپٹ مسلط ہوں انہیں ضرور تالے لگ جانے چاہئیں۔ نواز شریف ملکی سیاسی کا ایک کرپٹ، مشکوک اور کنفیوژڈ کردار ہیں، ہم 28سال سے اشرافیہ کی کرپشن، بدعنوانی، نااہلی اور اس ظلم پر مبنی نظام کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، الحمدللہ ماضی میں جو حقائق قوم کے سامنے رکھے آج ان پر عدالتوں سے فیصلے آ رہے ہیں، آئین کے آرٹیکل 62اور 63 کی اہمیت ہم نے اجاگر کی اور قوم کو یہ آرٹیکلز حفظ کروائے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ وہ کام کر رہے ہیں جو حکمرانوں نے 5سال نہیں کئے،جو حکمران عوام کو صاف پانی،صحت کی بنیادی سہولتیں اور انصاف فراہم نہ کر سکیں ،انہیں دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے گریبان میںجھانکنا چاہیے۔وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مشاورتی اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب کر رہے تھے ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ اللہ نے اہل پاکستان کو سیاست کے کرپٹ اور ظالم کرداروں سے نجات کا موقع فراہم کیا ہے،اللہ بھی احوال کی تبدیلی کیلئے ان قوموں کی مدد کرتا ہے جو اس حوالے سے آمادہ عمل ہوں۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کو ٹارگٹ کرنے والے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے کی خود ہی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ نواز شریف کا نظریہ انقلاب آخری سانس تک اقتدار میں رہنے اور لوٹ مار کو تحفظ دینے کی ناکام کوشش ہے۔ڈاکٹر طاہر القادری نے مزید کہاکہ جڑانوالہ کی معصوم مبشرہ اور عابدہ کے قاتلوں کی عدم گرفتاری قابل مذمت ہے،قاتل بلا تاخیر گرفتار کئے جائیں۔