تھانہ جوہر آباد: حوالات سے 3 ملزم کانسٹیبل کی آنکھوں میں مرچیں ڈال‘ دوسرے کو زخمی کر کے فرار
سرگودھا (نامہ نگار) تھانہ صدر جوہرآباد حوالات میں پولیس مقابلہ، قتل اقدام قتل، ڈکیتی کے مقدمات میں ملوث 3خطرناک ملزمان پولیس اہلکار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر فرار، فائرنگ سے پولیس اہلکار کو شدید زخمی کر دیا گیا۔ معلوم ہوا ملزمان کو رات کے کھانے میں روٹی کے ہاٹ پاٹ کے ذریعے پسٹل، مرچیں پہنچائی گئیں۔ صبح سویرے ملزمان مسعود، عمران، عرفان نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار سے پانی کا کولر تالہ کھول کر فراہم کرتے پولیس اہلکار کی آنکھوں میں مرچیں ڈال کر فرار ہوتے مین گیٹ پر روکنے والے حوالدار فیض اللہ کو گولی مار کرزخمی کر دیا اور فرار ہو گئے۔ زخمی کا تعلق سرگودھا کے تھانہ کڑانہ کے چک 102 جنوبی سے ہے۔ واقعہ کا مقدمہ اور عملہ کو معطل کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ حکام نے رپورٹ بھی طلب کر رکھی ہے جنہیں ابتدائی تحقیقات سے آگاہ کر دیا گیا ہے تاہم واقعہ کی اطلاع ملنے پر آر پی او سرگودھا اور ڈی پی او خوشاب موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے حالات کا جائزہ لیا، قبل ازیں ڈی پی او خوشاب ابرار حسین نیکو کارہ نے جوہر آباد ہسپتال میں زخمی پولیس ملازم فیض اللہ کی عیادت کی۔ ڈی پی او خوشاب نے ڈی ایس پی خوشاب کی سربراہی میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی۔ زخمی پولیس ملازم کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے ملزم عمران کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے، چند روز قبل بس اڈہ ڈکیتی کے مقدمہ میں گرفتار ہوا، دوسرا ملزم عرفان مقدمہ قتل میں ملوث اور جوہر آباد کا رہائشی ہے، تیسرا ملزم مسعود موضع تلوکر پولیس مقابلہ اور اقدام قتل میں ملوث ہے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے لاپرواہی کے مرتکب تھانہ عملہ کو معطل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی۔