نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز ملتان کیمپس میں سپورٹس گالا
ملتان ( پ ر) نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز ملتان کیمپس میں سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا ۔ مہمان خصوصی ریجنل ڈائریکٹر نمل ملتان کیمپس بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) سید ندیم الاحسن ترمذی تھے ۔ طلبائو طالبات کے درمیان بیڈ منٹن ، رسہ کشی ، نیل آرٹ ، ٹیبل ٹینس اور مہندی لگانے کے مقابلے ہوئے ۔ ساتھ ہی طلباء و طالبات نے ثقافتی کلچر کی تشہیر کے لئے اسٹال لگائے اور ٹیبلوز پیش کئے ۔ سپورٹس گالا کا انعقاد نمل ایگزیکٹیو کلب نے کیا تھا ۔ ایگزیکٹیو کلب کی پیٹرن مس صباح یونس ، صدر محمد عمران اور دیگر ممبران نے اپنی بھرپور کاوشوں سے سپورٹس گالا کا کامیاب انعقاد یقینی بنایا ۔ مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یونیورسٹی میں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے ۔ آخر میں جیتنے والی ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔