بھارت کا امریکی کمپنی سے 75 بوئنگ 737 میکس طیارے خریدنے کا اعلان
نئی دہلی (اے پی پی ‘ اے ایف پی) بھارت کی ہوا باز کمپنی ’’ جیٹ ایئرویز‘‘ نے امریکی طیارہ ساز کمپنی ’’ بوئنگ‘‘سے 75 بوئنگ 737 میکس طیارے خریدنے کا اعلان کردیا جس پر 7 ارب ڈالر سے زیادہ لاگت آئے گی۔ملک کی دوسری بڑی فضائی کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں ان طیاروں کے کسی مخصوص ماڈل کا ذکر نہیں کیا گیا اور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ آیا کوئی معاہدہ ہوا ہے یا ویسے ہی مفاہمت کی یادداشت طے کی گئی ہے، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیل جو بھی ہو اس پر لاگت کا تخمینہ 7.2 سے 9.7 ارب ڈالر ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ملک میں متوسط طبقے کے تناسب میں تیزی سے اضافے کے باعث فضائی مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے جس کا بھارت بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ عشرے کے دوران بھارت میں فضائی راستے سے سفر کرنے والوں کی تعداد میں 6گنا اضافہ ہوا ہے ۔