بھارت: بکری کو بچانے کیلئے بہادر خاتون کا چھڑی سے شیر پر حملہ‘ خود بھی زخمی
نئی دہلی (بی بی سی) بھارت میں ایک خاتون نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک شیر کا مقابلہ محض ایک چھڑی سے کیا اور انہیں معمولی زخم آئے۔ 23 سالہ روپالی مشرام کے ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ وہ بچ گئیں اور انھیں زیادہ چوٹیں نہیں آئیں۔ مغربی ریاست مہاراشٹر کی رہائشی روپالی مشرام اپنی بکری کی چیخ سن کر گھر سے باہر آئیں۔ انھوں نے چھڑی اٹھائی اور شیر کو مارا جس نے پلٹ کر ان پر حملہ کر دیا۔ ان کی والدہ جو خود بھی زخمی ہوئیں جان بچانے کے لئے روپالی کو کھینچ کر گھر کے اندر لے گئیں۔ دونوں کو معمولی زخم آئے تاہم بکری اس واقعے میں بچ نہیں سکی۔