اللہ کی رحمت قیمت نہیں بہانا تلاش کرتی ہے،علامہ الیاس قادری
کراچی ( نیوز رپورٹر) امیر اہل سنت حضرت علامہ محمد الیاس عطار قادری نے کہا ہے کہ جھوٹ سے ہمیشہ منہ کالا ہی ہوتا ہے اور چغل غوری عذاب قبر کا سبب بنتی ہے، دعوت اسلامی کے مدنی ماحول میں اچھی صحبت ملتی ہے جب اچھی صحبت ہوگی تو اچھی باتیں ہونگی اور جب بری صحبت ہوگی تو جھوٹ، غیبت جیسی بری باتیں ہی ہونگی ،اچھی صحبت اچھا اثر رکھتی ہے اور بری صحبت برا اثر رکھتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ میں اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم کی قسم کھانا گویا اللہ عزوجل کی قسم کھانے کے مترادف ہے ،اگر ماضی کی قسم کھائی جائے تواس کا کفارہ نہیں البتہ مستقبل میں ہونے والے کام کی قسم کھائی اور وہ کام نہ کیا تو کفار ہ دینا ہوگا ۔امیر اہل سنت نے کہا کہ دعوت اسلامی مسجد بھرو تحریک ہے ،جب بھی نماز پڑھنے جائیں تو ایک کو دعوت دے کر اپنے ساتھ مسجد میں لے جائیں،نیک اعمال کریں اللہ کی رحمت نصیب ہوگی ،اللہ کی رحمت بہانا تلاش کرتی ہے قیمت طلب نہیں کرتی اگر اللہ کا ذکر کرتے رہیں گے تو مرتے وقت بھی کلمہ طیبہ نصیب ہوگا ،اگر فضولیات میں مشغول رہیں گے تو ڈرہے کہ موت کے وقت بھی منہ سے کچھ الٹا سیدھا نہ نکل جائے اللہ عزوجل ہمیں بری صحبت اور بری موت سے محفوظ رکھے۔