اٹھارہویں ترمیم کو رول بیک نہیں کرنے دینگے : پیپلز پارٹی
لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکیوٹو کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مرکزی رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 39ویں برسی کے موقع پر نوڈیرو میں پاکستان پیپلز پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پی پی پی پارلیامینٹرین کے صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ملکی موجودہ صورتحال پر بحث کی گئی۔ اجلاس میں تمام ممبران نے قراردادیں منظور کیں اس کے ساتھ دہشتگردی اور انتہاپسندی کی مذمت کی گئی جن لوگوں نے دہشتگردی کی جنگ کے خلاف جدوجہد کرکے قربانیاں پیش کیں انہیں سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق ایسی دہشتگرد تنظیموں کو قومی دھارے میں لانے کی کوششیں ہو رہی ہیں جو عمل نیشنل ایکشن پلان کے خلاف ہے کسی بھی دہشتگرد تنظیم کو سیاسی سسٹم میں شامل نہیں ہونا چاہیے۔ آئندہ عام انتخابات میں نگران حکمران کو چاہیے کہ وہ ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کروانے کے عمل کو یقینی بنائے۔ اجلاس میں نیشنل فنانس کمیشن کو فعال نہ کرنے،باقاعدگی سے اجلاس نہ بلانے پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے آئینی تقاضوں کے مطابق این ایف سی ایوارڈ جو 2015میں دیا گیا جس کے بعد اب تک صوبوں کو نہیں دی گئی ہے جس پر ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیا جائے۔ اجلاس میں معیشت کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ ڈکلائین ہورہی ہے اور ٹریڈڈیفسٹ بڑھ گیا ہے اس سے معیشت پر اثرات مرتب ہوئے ہیں ان معاملات پر پرپیپلز پارٹی کی سی ای سی اجلاس میں خدشات کا اظہار کیا گیا۔نیئر بخاری نے کہا کہ کچھ رپورٹس جو کہ 18ویں ترمیم کو رول کرنے کے متعلق سامنے آ رہی ہیں ان پر پیپلز پارٹی نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے عمل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں حکومت سندھ کی جانب سے وزیراعلیٰ نے کابینہ ممبران کے متعلق بریفنگ دی جس پر تمام ممبران نے اطمیمان کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کے متعلق آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے تاکہ الیکشن میں دیر کے متعلق کوئی بھی جواز نہ مل سکے۔ اجلاس میں پارٹی کارکنان اور رہنماوں کے جدوجہد کو خراج پیش کیاگیا جن میں ایاز سومرو اور میر ہزار خان بجارانی کی مغرفت کے لیے دعا کرتے ہوئے ورثاءیکجہتی کااظہار کیا گیا۔اسلام آباد نیا ایئرپورٹ بنایاگیا ہے کابینہ کے فیصلے کے تحت 2008میں اس ایئرپورٹ کا نام بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب کیا گیا جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے نئے ایئرپورٹ کا نام تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے پیپلز پارٹی اس کی مذمت کرتے ہوئے نام تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں سے انڈین فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں 20سے ائد شہری شہید اور سینکڑوں زخمی ہوئے اس عمل پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کے خواہشات اور اقوام متحدہ کے قوانین کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔ چند روز قبل کوئٹہ شہر میں تشدد اور فائرنگ کے نتیجے میں عیسائی برادری کے لوگوں کی ہلاکت پر ورثا ءسے اظہار یکجہتی کیا گیا اور خاص طور پر ان خاندانوں سے جو اس دہشتگردی میں ہلاک ہوئے اسی طرح ہزارہ برادری کے ساتھ بھی پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعات پر ان سے اظہار یکجہتی اور تعزیت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرکے پاکستان کے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا قتل عدالتی قتل تھا جس کے متعلق 2011میں آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا جس کی سماعت کرکے عدالتی فیصلہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے منشور، نعرے اور اپنے نشان پر انتخابات میں حصہ لے گی ۔
پیپلز پارٹی / اجلاس