سپریم کورٹ ‘قتل کے مقدمے میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل مسترد
کراچی (وقائع نگار)سپریم کورٹ نے قتل کے مقدمے میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل مسترد کردی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں قتل کے مقدمے میں تین ملزمان کی بریت کے خلاف سماعت ہوئی۔ عدالت نے بریت کے خلاف مدعی مقدمہ کی اپیل مسترد کردی۔ عدالت نے فیصلے میں مجسٹریٹ کی ایک اور سنگین غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے ملزم انتظار نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اعتراف جرم کیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے اعتراف جرم سے متعلق قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیئے جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزم کو بیان کے لیے ذہنی طور پر تیار نہیں کیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 2005 میں کاروباری تنازعہ پر حفیظ الرحمن کو قتل کیا۔ سیشن عدالت نے ملزمان کو عمر قید کی سزا کا حکم دیا۔ ہائی کورٹ نے ملزمان کو عدم شواہد پر بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے بھی ہائی کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا۔