کامن ویلتھ گیمز کی رنگارنگ افتتاحی تقریب‘ 56 رکنی پاکستانی دستہ بھی شامل
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) اکیسویں کامن ویلتھ گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہو ئی جس میں میزبان آسٹریلیا سمیت71 اقوام کی ٹیموں نے مارچ پاسٹ کیا۔سٹیڈیم کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا‘آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیاگیا اور کامن ویلتھ گیمز کی مشعل بھی روشن کی گئی ۔ کھلاڑیوں کا جو ش و خروش خوب تھا ۔ پاکستان کا 56 رکنی دستہ بھی میڈلز کی دوڑ میں شامل ہے۔ٹیمیں18 سپورٹس کے275ایونٹس میں شرکت کریں گی۔ قومی کھلاڑی ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، ہاکی، باکسنگ، ٹیبل ٹینس، سوئمنگ، سکواش، شوٹنگ، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں سبز ہلالی پرچم کو بلند کرنے کا جذبہ دکھائیں گے۔ میڈلز کی دوڑ پندرہ اپریل تک جاری رہے گی۔ 35ہزار سے زائد افراد سٹیڈیم میں موجود تھے ۔برطانوی شہزادہ چارلس اور شہزادی کمیلا تقریب کے مہمان خصوصی تھے اور گیمز کا افتتاح کیا ۔گیمز پندرہ اپریل تک جاری رہیں گی ۔ افتتاحی تقریب کے دوران سو سے زائد افراد نے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا ۔ پہلی بار مینز اور ویمنز کیلئے میڈلز کی تعداد ایک جیسی رکھی گئی ہے ۔شہزادہ چارلس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اور میری بیوی تقریب میں آکر بہت خوش ہیں ۔ دریں اثناء سٹیڈیم کے باہر مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم ہو گیا جس کے بعد تین مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا۔ مظاہرین بغیر ٹکٹ کے سٹیڈیم داخلے کی کوشش کر رہے تھے ۔گرفتارمظاہرین میں ایک مرد اور دو خواتین شامل ہیں ۔