سپریم کورٹ نے عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس نمٹا دیا
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس نمٹادیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران درخواست گزارکی جانب سے بتایا گیا کہ درخواست 2014میں دائر کی گئی،چیف جسٹس نے استفسارکیا کہ یہ معاملہ اب بھی زندہ ہے؟،جس پر درخواست گزار کے وکیل حشمت حبیب نے کہا کہ میرا اپنے موکل سے رابطہ نہیں ہوسکا،عدالت نے عدم پیروی کے باعث عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس نمٹادیا،عدالت کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ درخواست گزار چاہے تو ایک ماہ میں کیس بحال کرواسکتا ہے،واضح رہے کہ یہ درخواست سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کیخلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر دی گئی تھی۔