حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن مدد جاری رکھے گی‘ محمد زبیر
کراچی (وقائع نگار) گورنرسندھ/ چانسلر محمد زبیر نے کہا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تحقیق پر بھرپو ر توجہ دینے سے ہی عصر حاضر میں ترقی کے سنگ میل کو عبور کیا جا سکتا ہے ،جامعات میں قومی تقاضوں ، علمی ضروریات اور عصر حاضر سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری کے ساتھ ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق قوم کے معماروں کو تیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جامعات میں زیر تعلیم طالب علم پاکستان کا روشن وتابناک مستقبل ہیں ، حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، تحقیق اور نوجوانوں کو سائنسی میدان میں اپنی صلاحیت اجاگر کرنے کے ضمن میں ہر ممکن تعاون ، مدد اور معاونت جاری رکھے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد علی شیخ سے ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں صوبہ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ ، تحقیق، سائنس و ٹیکنالوجی کی اہمیت ،جدید دور کے مطابق نصاب کی تیاری ، طالب علموں کو بھرپو ر معاونت کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چانسلر محمد زبیر نے مزید کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی مادر علمی کو جامعہ کا درجہ ملنا تاریخی اہمیت کا حامل ہے اس درس گاہ میں قائد اعظم ؒ کے افکار ،تصور اور رہنما اصولوں کے مطابق طالب علموں کی تربیت قومی ترقی کے حصول اور عالمی معاشی نقشہ پر پاکستان کو نمایاں مقام دلانے میں اہم ثابت ہونگی۔