ختم نبوت قانون میں چھیڑ چھاڑ برداشت نہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم ریاست کے اندر ریاست کے خلاف ہیں لیکن اگر کسی نے آئینمیں موجود ختم نبوت کے قانون سے چھیڑ چھاڑ کی تو اسے برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ہمارا جینا مرنا حضور کی ناموس کے لیے ہے ۔ ہم ملک میں نظام مصطفی کے نفاذ کی جدوجہد کر رہے ہیں ۔ پاکستان کے 88 فیصد عوام ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں ۔ ملکی مسائل کا حل جرنیلوں کے پاس ہے نہ کرپٹ جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کے پاس ، مسائل کا حل صرف قرآن و سنت کے نظام میں ہے ۔ ہم ملک میں آئین کی بالادستی چاہتے ہیں ۔ پاکستان کا آئین قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی کی اجازت دیتا ہے نہ کسی کرپٹ اور بددیانت کو اقتدار کے ایوانوں میں قدم رکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی پنجاب کے زیراہتمام منصورہ میں ہونے والی ختم نبوت اور اتحاد امت علماءو مشائخ کانفرنس سے صدارتی خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس سے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، میاں مقصود احمد ، خواجہ معین الدین کوریجہ نے بھی خطاب کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے نمائندے اور دین سے بے بہر ہ لوگوں کو امت کی قیادت کا حق نہیں، قیادت کاحق ان لوگوں کو ہے جن کے پاس حق اور دین مبین کی روشنی ہے ۔ امت چاروں طرف سے خطرات میں گھری ہوئی ہے ۔ شام پر گزشتہ چھ ماہ سے عالمی قوتیں مل کر بمباری کر رہی ہیں اس سے قبل عراق اور افغانستان میں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔ مگر عالم اسلام کی قیادت سوئی رہی ۔ فلسطین میں اسرائیل اور کشمیر میں بھارت مسلمانوں کا قتل عام کررہاہے ۔ لاشوں کے ڈھیر ہیں ، بستیاں اور مساجد جلائی جارہی ہیں لیکن معصوم بچوں اور بچیوں کی چیخ و پکار پر بھی حکمران خواب غفلت سے بیدار نہیں ہوتے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں بچوں اور بچیوں کے ساتھ زیادتی اور قتل کے واقعات اللہ کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایوب خان سے مشرف تک کوئی جرنیل ملک کے مسائل حل نہیں کر سکا ۔آمروں کے پاس مسائل کا حل ہے نہ جمہوریت کے لبادے میں آنے والی حکومتوں نے عوام کو کوئی ریلیف دیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے اپنے خطاب میں کہاکہ امت مسلمہ کرب میں مبتلا ہے۔ آج جس طرح شام ، مصر ، فلسطین ، برما ، کشمیر میں مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ ڈھائے جارہے ہیں۔ کانفرنس میں غلام رسول اویسی ، مولانا عبدالمالک ، حافظ محمد ادریس ، قاری وقار احمد چترالی ، مولانا جاوید قصوری ، خواجہ فرید محمود الدین برہان الدین ، پیر سید ریاض حسین شاہ ، پیر لطیف الرحمن شاہ ، پیر سید حسن مبارک ، صاحبزادہ زین قریشی ، نقیب اللہ شاہ ، شاہد نفیسی ، سید فیضان حیدری ، اقرار احمد چشتی ، اسد اللہ شاہ ، پیر مظفر حسین شاہ ، سید کبیر علی گیلانی ودیگر علمائے کرام و مشائخ عظام نے شرکت اور خطاب کیا۔ سراج الحق نے پنجاب بھر کے نوجوانوں کو 8 اپریل کو مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہونے والے جے آئی یوتھ کنونشن میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔ نوجوانوں کے نام اپنے ایک پیغام میں سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ 8 اپریل کو مینار پاکستان کے سائے میں پنجاب بھر کے نوجوانوں کا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، اس شاندار اور فقید المثال کنونشن میں نوجوانوں کو اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان کا ایجنڈا اور آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔
سراج الحق