احتساب عدالت کی کارروائی براہ راست نشرکی جائے‘مریم نواز
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی‘ نامہ نگار ) مسلم لیگی رہنما مریم نواز نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے مطالبہ کیا کہ ان کے والد نواز شریف اور ان کے خلاف نیب عدالت کی تمام کارروائی براہ راست نشرکی جائے ،مریم نواز نے کہا کہ ان کے اور نوازشریف کے خلاف پورا مقدمہ واٹس ایپ پر تیار ہوا جس کاکوئی ریکارڈ نہیں، نیب عدالت کی تمام کاروائی براہ راست نشر کی جائے تاکہ قوم کوسچ کاپتہ چل سکے۔مریم نواز نے ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے دن کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ منتخب وزیر اعظم اور انکے خاندانوں کو دہشت زدہ کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیئے۔ ملکی سیاست کے تمام سیاہ باب اب بند ہوجانے چاہیں، واٹس ایپ زدہ جے آئی ٹی کا پہلے طے شدہ ایجنڈے کے تحت ایک کمرے میں بیٹھ کر رپورٹ تیار کرنا آسان ہے مگر عدالتوں میں ان چالاکیوں کا دفاع کرنا ناممکن ہے۔مریم نواز نے کہا مخالفین چند دن انتظار کریں، واجد ضیا خود ہمارے حق میں گواہی دے کر جائیں گے، جھوٹ کی عمر چھوٹی ہوتی ہے۔ دریں اثناءبدھ کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا کہ صبح سے رات تک عدالتوں میں بٹھادیاجاتا ہے، اگر اس طرح ساری حکومت پر مقدمات بنا دیئے جائیں گے تو کام کون کرے گا۔بیگم کلثوم نواز کی علالت پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ والدہ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہوئی ہے، ان کی ریڈیو تھراپی جاری ہے، جب وہ مکمل ہوگی تو معلوم ہوگا کہ مرض کی نوعیت کیسی ہے،ویک اینڈ پر ڈاکٹر بھی دستیاب نہیں ہوتے۔
مریم نواز