اوباما روس کے انجام سے سبق سیکھیں‘ مزید فوج افغانستان بھیجنے کی بجائے واپسی کا عمل شروع کریں : ارکان کانگریس کا خط
واشنگٹن (آن لائن) امریکی اراکین کانگریس نے صدر بارک اوباما کے نام ایک یادداشت میں افغانستان میں مزید فوجی بھیجنے کے احکامات پر نظرثانی کی اپیل کی ہے ڈیموکریٹ اور ری پبلکن پارٹی سے تعلق رکھنے والے مشی گن کیلیفورنیا ہوائی وسکانسن اوہائیو اور دیگر کئی ریاستوں کے اراکین کانگریس نے صدر اوباما کو اپنے خط میں یاد دلایا ہے کہ روس جیسی طاقت نے اربوں ڈالر اور 15 ہزار سے زائد فوجیوں کی ہلاکت کے باوجود نو سال میں کچھ حاصل کرنے کے بجائے خود ٹوٹ پھوٹ گیا لہٰذا امریکہ اپنے مزید ہزاروں فوجیوں کو بھجوانے سے قبل ایک بار پھر روس کے انجام سے سبق حاصل کرے۔ امریکی ایوان نمائندگان کے ان اراکین نے صدر اوباما سے اپیل کی کہ مزید فوجی بھیجنے کی بجائے وہاں سے فوجیوں کی واپسی کا عمل شروع کیا جائے۔ غیر ملکی قابض فوجوں سے افغانستان میں کبھی استحکام نہیں آ سکتا جبکہ خود وہاں امریکی فوج کی موجودگی سے امریکہ کی سلامتی کو خطرہ ہے۔ امریکی قانون سازوں نے اسامہ بن لادن کی ایک پرانی ٹیپ کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے خط میں یاد دلایا ہے کہ امریکہ القاعدہ کے جال میں پھنس کر دیوالیہ ہونے کے قریب ہے۔