اقوام متحدہ کے مغوی اہلکار جان سولیکی رہا‘ انسانی ہمدردی کی بنا پر چھوڑا : بلوچ لبریشن فرنٹ
کوئٹہ (آن لائن + مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچ لبریشن یونائیٹڈ فرنٹ نے انسانی ہمدردی کی بنا پر اقوام متحدہ کے مغوی اہلکار جان سولیکی کو رہا کر دیا‘ بی ایل یو ایف کے ترجمان شہک بلوچ نے نامعلوم مقام سے ’’آن لائن‘‘ کو ٹیلیفون کے ذریعے بتایا کہ اقوام متحدہ کے مغوی اہلکار جان سولیکی کو انسانی ہمدردی کی بنا پر رہا کیا۔ اس کا مقصد اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو یہ پیغام پہنچانا ہے کہ بلوچ دہشت گرد نہیں بلکہ ایک مہذب قوم ہیں‘ اسی بنیاد پر مسٹر جان سولیکی کو رہا کرتے ہوئے مستونگ کے علاقہ کھڈ کوچہ کے قریب مکہ ہوٹل میں چھوڑا گیا ہے وہ بیمار ضرور ہیں لیکن قابل علاج ہیں۔ جان سولیکی کو دو فروری کو اغوا کیا گیا۔ ترجمان یو این ایچ سی آر کے مطابق اقوام متحدہ کے اہلکاروں نے جان سولیکی سے ملاقات کی وہ خیریت سے ہیں۔ ثناء نیوز کے مطابق پولیس اور فرنٹیئر کور کے حکام نے انہیں اپنی تحویل میں لے کر سخت حفاظتی انتظامات میں کوئٹہ پہنچایا۔ ذرائع کے مطابق جان سولیکی کو آج (اتوار) اسلام آباد منتقل کر دیا جائے گا۔ ان کا تعلق امریکہ سے ہے۔ مشیر داخلہ رحمن ملک نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جان سولیکی کی رہائی میں حیر بیار مری اور نواب خیر بخش مری نے اہم کردار ادا کیا۔ ہمیں اغوا کاروں کے ٹھکانے کا پتہ تھا لیکن آپریشن اس لئے نہیں کیا کہ کہیں فائرنگ میں جان سولیکی کی جان کو خطرہ نہ پیش آئے۔ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ بان کی مون نے کہا ہے کہ وہ جان سولیکی کی رہائی پر بہت خوش ہیں‘ انہوں نے صدر آصف زرداری کا شکریہ ادا کیا۔
سولیکی
سولیکی