لاہور (خصوصی نامہ نگار) نائب امیر جماعت اسلامی اور سیاسی قومی امور مجلسِ قائمہ کے صدر لیاقت بلوچ نے سابق وزیراعظم، موجودہ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور سینئر صحافی، بزنس مین اور تجزیہ نگار محسن بیگ کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، امیر اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا بھی ان کے ہمراہ تھے۔ لیاقت بلوچ نے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی اور حماس کے مرکزی نمائندہ ڈاکٹر خالد قدومی سے بھی فلسطین اور کشمیر کی صورتِحال پر ٹیلی فونک تبادلہ خیال کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا قومی سیاسی بحرانوں کے خاتمہ کیلئے سیاسی قیادت کو اپنی انا ترک کرنا ہوگی، وگرنہ مفادات کے تحفظ کی سیاست میں اصل نقصان ملک اور عوام کا ہوگا۔لیاقت بلوچ نے کہا حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ملک گیر عوامی رابطہ مہم اور عوام کو جماعتِ اسلامی کا ممبر بنانے کی مہم شروع ہوگئی ہے۔ ممبر سازی مہم جماعتِ اسلامی کے پیغام اور عام آدمی کے درمیان بااعتماد قربت پیدا کرے گی۔