لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر کی ہدایت پر ڈی جی ہیلتھ سروسز نے صوبے کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں بیماریوں کے پھیلاؤ کی نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ماہرین کی نامزدگی کے بعد عالمی ادارہ صحت کی مدد سے تکنیکی تربیت کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں تربیتی شرکاء سے خطاب کرتے ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل نے کہا پہلی بار ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کی فوری رپورٹ پر وبائی رجحانات کا تجزیہ ہوسکے گا اورہم وباؤں سے بر وقت نمٹ سکیں گے۔ صوبہ کے 40 سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں عملے کو تربیت دی جا رہی ہے۔ اس ماہ گنگا رام ہسپتال، چلڈرن ہسپتال لاہور، نشتر ہسپتال ملتان اور الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں تربیت مکمل ہو چکی جبکہ میو ہسپتال اور سمز/سروسز ہسپتال لاہور میں تربیت کا باقاعدہ آغاز 18 ستمبر سے ہوگا۔