مریضوں کوطبی سہولتوں کی فراہمی میںکوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، کمشنر

راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے بینظیر بھٹو ہسپتال اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ' وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر ' محکمہ صحت اور ڈیویلپمنٹ کے حکام بھی موجود تھے انہوں نے شہر کے دونوں بڑے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کا تفصیل سے جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈینگی وارڈ ' سی ایم او/ٹرائج روم' ایمرجنسی ' او پی ڈی'سرجیکل واڈ 'مردانہ و زنانہ وارذ' چلڈرن وارڈ میڈیسن روم سمیت دونوں ہسپتالوں کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔انہوں نے مریضوں سے علاج معالجے کی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے عزیز و اقارب سے بھی ہسپتال میں طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کا کہنا تھا کہ شعبہ طب سے وابستہ افراد دکھی انسانیت کی خدمت کر کے عبادت کر رہے ہیں۔طبی سہولتوں کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمشنر راولپنڈی نے ہولی فیملی میں گائنی ایمرجنسی بلاک کے جاری تعمیراتی کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انکا کہنا تھا کہ رواں برس راولپنڈی میں بہترین انسداد ڈینگی اقدامات کی وجہ سے ڈینگی کے پھیلائو کو کنڑول کیا گیا۔ اگر احتیاط نہ کی گئی توستمبر اور اکتوبر میں ڈینگی کی صورت حال خطرناک ہو سکتی ہے۔کمشنر کا مذید کہنا تھا کہ دونوں ہسپتالوں میں تزئن و آرائش اور مرمت کے کام کو بلاخیر جلد مکمل کیا جائے۔ تمام ائیر کنڈیشنڈ کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔