اہم تنصیبات کی سیکیورٹی مزید سخت، گشت کا نظام موثر بنایا جائے، آئی سی سی پی او

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے)کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں جرائم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں سی پی او آپریشنز ،ایس ایس پی سی ٹی ڈی ، ایس ایس پی آپریشنز،ایس ایس پی ہیڈ کوارٹرز،اے آئی جی آپریشنز،ایس ایس پی انوسٹی گیشن، تمام زونل ڈی پی اوز، ایس ڈی پی اوزاورتمام تھانہ جات کے افسر مہتمم نے شرکت کی ،اجلاس میں تمام ڈویژن کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا گیااور ہر افسر سے الگ الگ بازپرس کی گئی کمزور کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی رہنمائی کی گئی جبکہ ناقص کارکردگی پر پانچ تھانہ آبپارہ، شہزاد ٹان، رمنا،شالیمار اور انڈسٹریل ایریا کے ایس ایچ اوز کو کارکردگی بہتر بنانے کے لئے 15دنوں کا وقت دیا گیا۔ آئی سی سی پی او نے تمام افسران کو شہر میں امن و عامہ کی صورتحال کے دوران بہترین فرائض منصبی سرانجام دینے پر شاباش دی اور کہا کہ سرکاری ، پولیس اور دیگر نجی اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو مزید موثر بنایا جائے شہر میں گشت کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے اور ڈولفن کی کارکردگی کا ہفتہ وار جائزہ لیا جائے انہوں نے کہا کہ تمام سینئر افسران تفتیش کی نگرانی خود کریں گے، تمام مقدمات کے چالان جلد از جلد میرٹ پر یکسو کر کے مجاز عدالتوں میں بھجوائے جائیں ، اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈائون میں تیزی لائی جائے ، راہزنی کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے مناسب اور جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے اور ایسے مقدمات میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گاڑی چوری کے انسداد کے لئے محفوظ پارکنگ کا نظام وضع کیا جائے اور اس پر عملدرآمد کویقینی بنایا جائے ، ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ دہشت گردی اور انتہاپسندی کی مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں میں سی ٹی ڈی کے ساتھ تعاون کریں ، اقلیتی تحفظ یونٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور تمام ڈی پی اوز اقلیتی برادری کے نمائندگان کے ساتھ ملاقاتیں کریں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں چہلم کے جلوس کے لئے سکیورٹی پلان پر کام شروع کیا جائے اور ایک جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے