برطانیہ نے کہاہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے کے بھارتی اقدام کے بعد وہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات کی مکمل، فوری اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔
برطانوی وزیر خارجہ Dominic Raab نے دارالعوام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات شدید تشویش کا باعث ہیں۔
Dominic Raab نے ارکان پارلیمنٹ کو بتایا کہ انہوں نے 7 اگست کو بھارتی وزیرخارجہ ایس جے شنکر کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں تشویش کا اظہار کیا ہے جبکہ برطانیہ کشمیر میں صورتحال کا بغور جائزہ لے گا۔
برطانوی وزیر خارجہ نےکہاکہ انسانی حقوق کی پامالیوں کے خدشات نے کشمیر کو عالمی مسئلہ بنادیا ہے، انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا معاملہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دوطرفہ یا داخلی معاملہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے اور ہم عالمی سطح پر تسلیم شدہ انسانی حقوق کی پاسداری اور احترام کئے جانے کی توقع رکھتے ہیں۔
مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ سوالات اٹھائے اور مقبوضہ کشمیر میں ذرائع مواصلات کی بندش اور علاقے کےلئے آزاد مبصرین کی تعیناتی کا مطالبہ کیا۔