مذہب کے نام پر دہشتگردی ، قتل و غارت خلاف اسلام ہے :طاہر محمود اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) متحدہ علماء بورڈ میں ایام محرم الحرام میں رابطہ سیل قائم کردیا ہے، محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کے لیے تمام مکاتبِ فکر حکومت سے مکمل تعاون کررہے ہیں، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے میں پاک فوج علماء اور عوام کا بھر پور کردار ہے، 53سے زائد تحریروں اور تقریروں کا فیصلہ کیا ہے۔ 6 ستمبرکو ملک بھر میں شہداء پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائیگا۔ شہداء کے گھروں میں عقیدت کے اظہار کیلئے علماء کے وفود جائیں گے اور خطبات جمعہ میں شہداء پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔محرم الحرام میں اجتماعات میں کشمیر کے مظلوم مسلمانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔ یہ بات متحدہ علماء بورڈ کے چیئر مین اور پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئر مین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے متحدہ علماء بورڈ کے دفتر میں اجلاس کے بعد تمام مکاتبِ فکر کے قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پروفیسر عبد الرحمن لدھیانوی،علامہ کاظم رضائ، مولانا اسید الرحمن ،مولانا محمد خان لغاری، مولانا ظفر اللہ شفیق، مولانا عثمان فاروقی ، مولانا رحمت دین، مولانا قاری عبد الحکیم اطہر،مولانا میر فیاض، پیر زبیر عابد ، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری،مولانا زبیر عابد ، مولانا عبدالقیوم فاروقی ، علامہ وقار حسین نقوی، مولانا اسلم صدیقی،قاسم علی قاسمی، سیّد حسین عباس موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کا ہر سطح پر علماء و مشائخ سے رابطہ ہے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام امور کی نگرانی کررہے ہیں راجہ بشارت کی سربراہی میں صوبائی کابینہ کی امن کمیٹی کام کررہی ہے۔ متحدہ علماء بورڈ کے ممبران مختلف اضلاع کا دورہ کرچکے ہیں اور صوبائی محکمہ اوقاف اتحاد بین المسلمین اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے اپنا کردار ادا کررہا ہے ۔ملک میں مذہب کے نام پر دہشت گردی ، قتل و غارت گری خلاف اسلام ہے کوئی مقرر، خطیب، ذاکریا واعظ اپنی تقریر میں انبیاء علیہ السلام ، اہلِ بیت اطہار، اصحابِ رسول، خلفائے راشدین ، ازواجِ مطہرات، آئمہ اطہار اور امام مہدی کی توہین نہ کرے اور ایسا کرنے والے کی کسی مسلک کے نمائندے سفارش نہیں کریں گے۔شرانگیز اور دل آزار کتابوں ، پمفلٹوں ، تحریروں کی اشاعت ، تقسیم و ترسیل نہ ہو، اشتعال انگیز اور نفرت آمیز مواد پر مبنی کیسٹوں اور انٹر نیٹ ویب سائیٹوں پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ دل آزار اور نفرت آمیز اور اشتعال انگیز نعروں سے مکمل اعراض کیا جائے گا اور آئمہ فقہ ، مجتہدین کا احترام کیا جائے۔