بزدل بھارتی کمانڈر، ہتھیار ڈالنے کا حکم دیکر فلپائنی فوجیوں کی جان خطرے میں ڈال دی
نیویارک/ منیلا(آئی این پی )اقوام متحدہ کی آبزرور فورس کے بزدل بھارتی کمانڈر نے ہتھیار ڈالنے کاحکم دے کر فلپائنی فوجیوں کی جان خطرے میں ڈال دی، فلپائنی فوجیوں نے اقوام متحدہ سے بھارتی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اقبال سنگھ سنگھا کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائنی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی کمانڈر نے گزشتہ ہفتے پیدا ہونے والے تعطل کے دوران فلپائنی فوجیوں کی جان خطرے میں ڈالی، جب باغیوں نے فجی کے متعدد فوجیوں کو یرغمال بنالیا۔ باغیوں نے گولان کی پہاڑیوں پر تعینات فلپائنی فوجیوں کو گھیرے میں لے لیا اور ہتھیار ڈالنے کو کہا۔ بھارتی کمانڈر نے بھی فوجیوں کو ہتھیار ڈالنے کا حکم دیا تاہم فوجیوں نے احکامات ماننے سے انکار کردیا۔ زبردست جھڑپ کے بعد چالیس فلپائنی فوجی دوسرے مورچے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔ بھارتی فوج کے مطابق وہ اس معاملے کا جائزہ لے رہے ہیں اور واقعے پر اقوام متحدہ کے جواب کے منتظرہیں۔
