ہرارے ٹیسٹ : پاکستان کے 9 وکٹوں پر 249 رنز‘ اظہر‘ مصباح کی نصف سنچریاں
ہرارے (سپورٹس ڈیسک) زمبابوے کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جو سود مند ثابت ہوئی، پاکستانی ٹاپ آرڈر ناکام رہے اور میزبان باؤلرز نے مہمان بلے بازوں کو کریز پر ٹھہرنے نہ دیا۔ پہلی وکٹ صرف 13 کے مجموعی سکور پر گری جب اوپنر محمد حفیظ صرف 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 21 کے مجموعی سکور پر اوپنر خرم منظور بھی 11 رنز بنا کر چلتے بنے۔ تیسری وکٹ 27 کے مجموعی سکور پر گری جب یونس خان صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ چوتھی وکٹ 120 پر گری، کپتان مصباح الحق 53 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پانچویں وکٹ 132 کے مجموعی سکور پر گری جب اس شفیق 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ چھٹی وکٹ عدنان اکمل کی صورت میں گری جب وہ 18 رنز بنا کر چلتے بنے۔ عبدالرحمن 7 اور اظہر علی 78 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔جنید خان نے17رنز بنائے۔ سعید اجمل 49 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔ چٹارا، مساکاڈزا اور اٹاسیا نے دو 2 جبکہ پنیان گارا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 9 وکٹوں پر 249 رنز بنا لئے ہیں۔