کوئی ملک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ نہیں:پاکستانی سفیر مسعود خان
اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار)امر یکہ میںپا کستانی سفیر مسعود خان نے موسمیاتی چیلنج سے نمٹنے کیلئے طویل المدتی امریکی وابستگی اور اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ چیلنجز ، خصوصا غیر معمولی موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز امریکہ کی ترقی پذیر ملکوں کے ساتھ طویل المدتی امریکی وابستگی اور عزم کا تقاضہ کرتے ہیں تاکہ پاکستان جیسے ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں رونما ہونے والی آفات کا مقابلہ کر سکیںجبکہ پاکستان میں غیرمعمولی سیلاب اور فلوریڈا اور ملحقہ ریاستوں میں سمندری طوفان کی وجہ سے ہونے والی حالیہ تباہی سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کوئی بھی ملک موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے محفوظ نہیں ہے۔تفصیلا ت کے مطا بق پا کستانی سفیرمسعود خان نے کہا کہ ہمیں اکٹھے ہونے اور فوری طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان نے پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاک امریکہ سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں بڑی تعداد میں پاک-امریکی صحافیوں، امریکی محکمہ خارجہ کے حکام اور امریکہ کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے ممتاز پاکستانی تارکین وطن اراکین نے شرکت کی۔پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر روشنی ڈالی جس نے 16 ملین بچوں سمیت 33 ملین افراد کو متاثر کیا اور زمین کا ایک تہائی حصہ زیر آب آیا ہے۔مسعود خان نے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیماریاں ایک آفت کے اندر ایک اور آفت ہیں۔پاکستانی سفیر نے امریکی حکومت، کانگریس، سینٹ، نجی شعبے، مخیر حضرات اور دیگر افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نیمتاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے اپنی انفرادی حیثیت میں تعاون کیا۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی جانب سے متاثرہ لوگوں کے ریلیف اور ریسکیوکے لیے فراخدلانہ عطیات کو بھی سراہا۔ ۔امریکی صدارتی تمغہ برائے آزادی کا اعزاز حاصل کرنے والے پاکستانی خضر خان نے پاکستان اور امریکہ کو ایک دوسرے کے ساتھ منسلک رکھنے والی مشترکہ اقدار پر روشنی ڈالی۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ڈائریکٹر ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشیا پریس اینڈ پبلک ڈپلومیسی مولی سٹیفنسن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی اور بچاؤ کی سرگرمیوں میں امریکہ کی جانب سے کیے گئے تعاون جبکہ تعلیم کے شعبے ، خواتین کو بااختیار بنانے اور کووڈ وبائی مرض کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تعاون کو بھی اجاگر کیا۔مولی سٹیفنسن نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کیتعلقات مستقبل میں مزید گہرے ہوں گئے۔سفیر پاکستان نے پاکستانی نڑاد امریکی جن میں خضر خان، ریما خان اور دیگر کواپنے اپنے متعلقہ شعبوں میں کامیابیوں پر ایوارڈز بھی دیے اور پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور اراکین کو تقریب کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔مسعود خان نے کہا کہ امریکہ میں پاکستانی میڈیا دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور ایک دوسرے کے نقطہ نظر کوسمجھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مسعود خان