پشاورکوہاٹ روڈ پر آئل ٹینکر اور مسافر وین کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے ہیں ۔
حادثہ پشاور کے نواحی علاقے بڈھ بیر کے قریب اس وقت پیش آیا جب مسافر ویگن اچانک سامنے آ جا نے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی ۔ حادثے کے نتیجے میں پانچ افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ آٹھ کوشدید زخمی حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کے بعد پشاور کوہاٹ روڈ پر ٹریفک کچھ دیر کیلئے معطل رہی ۔ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے نام صلاح الدین، توکل ، بلال اور منصور بتائے گئے ہیں، جبکہ ایک کی شناخت ہونا باقی ہے۔