جڑواں شہروں میں حضور نبی کریم ﷺ کا یوم ولادت مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منانے کی تیاریوں کا آغاز
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی میں حضور نبی کریم ﷺ کا یوم ولادت مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منانے کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لوگوں نے اپنے گھروں،گلیوں اور بازاروں میں چراغاں کرناشروع کردیا ہے جبکہ مساجد اور گھروں میں خصوصی محافل کا بھی آغاز ہوچکا ہے۔ بچوں اور بڑوں نے عید میلاد النبی کے مرکزی جلوس میں شرکت کے لئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ گھروں میں عورتوں نے بھی میلاد کی محافل کے ساتھ ساتھ ذکر و نعت کا خصوصی اہتمام شروع کردیا ہے۔ علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ ذکر و نعت کے ساتھ ساتھ حضور سرور کونین کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہونے سے ہی حقیقی معنوں میں سرکار دو عالم کے میلاد منانے کاصحیح طریقہ ہے کیونکہ عہد حاضر کے تمام مسائل کے حل آپ کے اسوہ حسنہ پر عمل پر ہوکر ہی نکل سکتاہے۔