نوازشریف،زرداری میں الفاظ کے تبادلے کو سنجیدہ نہ لیا جائے : سراج الحق
اسلام آباد (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نوازشریف اور آصف علی زرداری کے درمیان الفاظ کے تبادلے کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے، ان کے درمیان کوئی بڑا اختلاف نہیں ہے۔پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہمارے ہاں آئین موجود ہے، اس میں تمام مسائل کا حل ہے۔ جمہوری ملک میں بحث پر پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک ایک اور حادثے کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انصاف وہ ہو جو نظر بھی آئے۔ جمہوری معاشرے کا یہی تو حسن ہے کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور نواز شریف آپس میں تلخ و شریں، اچھے اور برے حالات کے دوست اور مخالف رہے۔ ایک حکومت میں ہوتا ہے تو دوسرا فرینڈلی اپوزیشن کا کردار ادا کرتا ہے۔ ان کے درمیان الفاظ کے تبادلے کو سنجیدہ نہیں لینا چاہیے۔ ان کے درمیان کوئی بڑا اختلاف نہیں، مجھے تو یہ الفاظ کی جنگ نظر آتی ہے۔