پنجاب ہیلتھ کیئر کمشن کا جہانیاں میں آپریشن‘ 13 عطائیوں کے اڈے سیل
جہانیاں(نامہ نگار)جہانیاں پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن نے گزشتہ روز13 عطائیوں کے اڈے بندکر کے ان کے خلاف مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بھر میں عطائیوں کے خلاف جاری مہم کے دوران جہانیاں میں30علاج گاہوں کا معائنہ کیا گیا، کمیشن کی ٹیموں نے17علاج گاہوں کو رجسٹرڈ ہونے کی وجہ سے کام کرنے کی اجازت دے دی جبکہ ان میں سے13کو عطائیت کرنے پر بند کر دیا گیا۔ان میں سے 5 جی پی کلینک،2مطب،2 لیب، 2ہومیوپیتھک ڈاکٹر ،1میڈیکل سٹور اور1 دندان ساز شامل ہیں جوغیر قانونی طور پر مختلف اقسام کی طبی سہولیات مہیا کر رہے تھے۔ جن میں علاج گاہوں پر صفائی کا نقائص انتظام، ڈسپنسر کاکلینک چلانا،بغیر ڈگری کے مطب چلانا ،ہومیوپتھی پر ایلوپتھی کا علاج ، میڈیکل سٹور پر علاج اورپتھالوجسٹ کے بغیر لیب پر ٹیسٹ کرنا شامل ہے۔ ملتان روڈ پر فاطمہ ہسپتال ، گول مارکیٹ میں سٹی لیب، السودیہ دواخانہ اورفاطمہ لیب،بلاک نمبر6میں خورشیدفارمیسی،جلال آباد میں طاہرکلینک، جناح کالونی میں افضل کلینک،غیریب آباد میں فاروق میڈیکل سٹور اینڈ کلینک، صدر بازار میں مطب سلمان،سیف ڈینٹل کئیر، چک 14میں علی کلینک، سات مرلہ سکیم میں آصف کلینک اورٹھٹھہ صادق آباد میں امجد ہومیوپیتھک کلینک شامل ہیں۔اس حوالے سے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کے ترجمان نے بتایا کہ کمیشن پنجاب بھر میں صحت کی معیار ی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔