فیس بک کے جعلی صارفین کی تعداد 27کروڑ سے تجاوز کرگئی
نیویارک(این این آئی)فیس بک استعمال کرنے والے افراد کی تعداد دو ارب سات کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے مگر ان میں سے اصلی اکائونٹس کتنے ہیں؟آخرکار اس بات کا جواب دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ نے خود دیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے اعدادوشمار بیان کرتے ہوئے فیس بک کی جانب سے تسلیم کیا گیا کہ اس وقت سوشل نیٹ ورک پر 270 ملین (27 کروڑ) اکائونٹس جعلی یا ڈپلیکیٹ ہیں۔کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ توقعات سے بھی زیادہ کروڑوں اکائونٹس فیک اور ڈپلیکٹ ہیں جو کہ مجموعی صارفین کا دو سے تین فیصد تک بنتے ہیں۔کمپنی نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان اکائونٹس کی تعداد میں جولائی سے ستمبر تک ایک فیصد اضافہ ہوا ہے۔اسی طرح دس فیصد اکائونٹس اصل صارفین کے ڈپلیکٹس ہیں جن کی شرح میں تین ماہ کے اندر چھ فیصد اضافہ ہوا۔