ملک نازک دوراہے پر‘ اولیاء کی تعلیمات پر عمل کر کے بچا جاسکتا ہے: جاوید ہاشمی
ملتان (سماجی رپورٹر) دربار عالیہ حضرت چادر والی سرکارؒ کے مرکزی سجادہ نشین سید ولی محمد شاہ ثانی نے کہا ہے کہ اولیاء اللہ نے کٹھن ترین دور میں دین اسلام کی تبلیغ کی اور لاکھوں غیر مسلم مشرف بہ اسلام ہوئے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ ملک اس وقت جس نازک دوراہے پر کھڑا ہے اولیاء اللہ اور صوفیاء کی تعلیمات پر عمل کرکے مشکلات سے بچا جا سکتا ہے سابق ایم این اے شیخ طارق رشید، خواجہ عامر فرید کوریجہ، ایم پی اے احسان الدین قریشی، سابق ایم پی اے سید احمد مجتبیٰ گیلانی نے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں اولیاء کرام کی محبت، اخوت، پیار کی وجہ سے اسلام پھیلا لیکن دین اسلام سے دوری کی وجہ سے آج ہم گوناں گوں مسائل کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دربار عالیہ حضرت چادر والی سرکارؒ کے سالانہ عرس مبارک کے سلسلے میں منعقدہ محفل نعت و سماء کی تقریب میں خطاب کرتے ہو ئے کیا جس میں چوہدری طارق نیاز‘ عبدالرزاق ،علامہ اویس ،شیخ محمد حامد‘ خالد‘محمد اسلم ڈوگر ، شفیع رزاق ‘ زاہد عدنان گڈو ، اختر عالم قریشی ‘ وقاص قادری ، ندیم قریشی ، ملک محمد ذوالفقار ،علی رزاق خان، ذوالفقار قادری ، سید وکیل شاہ ، سید اجمل شاہ ، سید عقیل شاہ ‘عبدالرحیم ، عبداللہ بٹ ، نجم الثاقب ، نوید، ڈاکٹر امجد ، ملک منیر ، قاری اسماعیل ، محمد اشرف ، حاجی شوکت سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے نمائندگان و کثیر تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانوں سے محبت، اخوت ، بھائی چارے اور امن کا درس ملتا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما ندیم قریشی نے کہا کہ اولیاء اللہ کے آستانے فیوض و برکات کا مظہر ہیں جن کا فیض ہمیشہ جاری رہے گا۔ تقریب کے اختتام پر سید ولی محمد شاہ ثانی نے ملک وقوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، امن کے لئے خصوصی طور پر دعا کرائی۔