وزیراعظم ن لیگی خاندان کے ذاتی ملازم کے طور پر کام کررہے ہیں: اجمل قادری
بورے والا(نامہ نگار)جمعیت علماء اسلام (س)کے مرکزی سرپرست اعلیٰ مولانا محمد اجمل قادری نے کہا ہے کہ موجودہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا طرز حکومت پاکستانی قوم کے لیے انتہائی شرمناک ہے وہ ن لیگی خاندان کے ذاتی ملازم کے طور پر کام کر رہے ہیں نیب میں میاں نواز شریف کے خلاف تمام ریفرنسز کو یکجا کرنے کا عدالتی فیصلہ انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہے آئندہ عام انتخابات اگر جنوری 2018میں ہو جاتے ہیں تو ملک اقتصادی بدحالی سے دوچار ہونے سے بچ سکتا ہے ملک کی موجودہ اقتصادی صورتحال کے ذمہ دار اسحاق ڈار اور نیشنل بنک کے سابق صدر ہیں جو اب اسحاق ڈار کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور انہوں نے اسحاق ڈار سے ملکر ڈالر کی قیمت کو مصنوعی طریقہ سے برقرار رکھا موجود حکومت کے چند قومی مجرموں نے ختم نبوت کے طے شدہ مسئلے کو از سر نو ابھار کر اپنے عزائم سے پردہ اُٹھایا ہے اور آئین سے غداری کے مرتکب ہوئے ایسے قومی مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانا بہت ضروری ہے آئندہ الیکشن سے قبل ایم ایم اے بحال کرکے تمام دینی جماعتیں مشترکہ لائحہ عمل کے تحت امیدوار سامنے لائیں گی ملکی سیاست میں تیسرا بلاک ہونا ناگریز ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علماء اسلام(س)ضلع وہاڑی کے امیر حکیم محمد جاوید اقبال کی رہائش پر مختصر قیام کے دوران کارکنان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر امیر عالمی انجمن خدام الدین شیخ محمد ارشاد،امیر جی یو آئی(س)جھنگ مولانا ریاض الحق قادری،شیخ محمد یوسف،شہباز احمد بھٹی،بابا محمد ارشد،محمد نواز بھٹی اور دیگر علماء کرام و کارکنان بھی موجود تھے۔