مردم شماری کے نتائج عوام کےاستحصال کا باعث بنیں گے، فاروق ستار
کراچی (خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے ارکان ارشاد ظفیر اور راشد سبزواری کے ہمراہ گلستان جوہر کے علاقے پرفیوم چوک ، جوہر موڑ اور سٹی بیکری کا دورہ کیا اور 5نومبر اتوار کو لیاقت آباد نمبر10میں مردم شماری میں دھاندلی کے خلاف ہونے والے مظاہرے کے پمفلٹ تقسیم کئے اورعوام کو مظاہرہ میں شرکت کی دعوت دی ۔ اس موقع پر حق پرست رکن قومی اسمبلی مزمل قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار کو عوام نے درمیان دیکھ کر خوشگوار حیر ت کااظہار کیا اور ایم کیوایم پاکستان کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر عوامی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہاکہ سندھ اور باالخصوص کراچی میں ہونے والی مردم شماری کے نتائج کو سب نے مسترد کردیا ہے اور مردم شماری کے نتائج کی بنیاد پر ملک میں سیٹوں کا اضافہ اور کمی کرنے عوام کا استحصال ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم پاکستان مردم شماری میں ہونے والی دھاندلی کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی ، عوامی سطح پر ایم کیوایم پاکستان کا گراف بڑھ رہا ہے اور عوام بھی مردم شماری کے نتائج سے مایوس ہوچکے ہیں ۔ 5نومبر اتوار کو لیاقت آباد نمبر 10میں ہونے والا مظاہرہ مردم شماری کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوگا اور انشاء اللہ تعالیٰ مردم شماری میں جن لاکھوں لوگوں کو غائب کیا گیا ہے انہیںمظاہرہ کے بعد ضرور بازیاب کروایا جائے گا ۔