سموگ سے کئی پاور پلانٹس بند‘ لوڈشیڈنگ میں بے پناہ اضافہ‘ دورانیہ 12 گھنٹے ہو گیا‘ حادثات‘ 10 جاں بحق‘ 53 زخمی
لاہور/ اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ خصوصی رپورٹر+ سپورٹس رپورٹر+ نامہ نگاران) پنجاب کے تمام علاقوں میں سموگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا جس کے باعث کئی ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں خاتون سمیت 10 افراد جاںبحق اور 53 کے قریب زخمی ہو گئے۔ جبکہ سموگ کے باعث گلے اور سانس کی بیماریوں میں سینکڑوں افراد مبتلا ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند میں اضافہ کا امکان ہے۔ سموگ اور دھند کے چھائے رہنے سے موٹر وے کو کئی گھنٹوں کے لئے بند رکھا گیا، کئی پاور پلانٹس بند ہو گئے جس سے 4 ہزار 250 میگاواٹ بجلی سسٹم سے آئوٹ ہونے سے لوڈشیڈنگ بڑھ گئی۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت نوشہرہ ورکاں سے نامہ نگار کے مطابق شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ بیگ پور کے قریب مسافر بس اور مسافر وین میں تصادم کے نتیجہ میں پانچ مسافر جان بحق جبکہ 15زخمی ہوگئے‘ مسافر بس گوجرانوالہ سے شیخوپورہ آرہی تھی کہ مخالف سمت سے آنیوالی تیز رفتار مسافر وین سے ٹکرا گئی۔ تین کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ فیصل آباد روڈ پر فیروزوٹواں کے قریب مسافر ویگن اور ٹرالر کے مابین تصادم سے 10سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔ لاہورسے خصوصی رپورٹرکے مطابق وزیراعلیٰ شہباز شریف نے شیخوپورہ اور لیہ میں ٹریفک حادثات میں بچوں سمیت دیگر کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حادثات میں زخمی ہونے والے افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق سموگ کے باعث پنجاب کے آدھے سے زیادہ علاقے میں بجلی کی فراہمی منقطع رہی ہے۔ سموگ سے فضا زہر آلود ہونے کے علاوہ زہر یلے کیمیکلز نے لوگوں کو گلے اور آنکھوں کی امراض میں مبتلا کر دیا ہے۔ فضا میں موجود سلفیٹ اور کاربن مونو آ کسائیڈ کی بڑھتی مقدار آنکھوں، گلے، جلد اور پھیپھڑوں و دل کے نظام کو متاثر کرتی ہے۔ کنجوانی سے نامہ نگارکے مطابق دھند کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 28 سالہ شخص گدھا گاڑی سے ٹکرا کر جان کی بازی ہار گیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق جڑانوالہ پل چھوٹی نہر کے قریب سموگ کے باعث تیز رفتار کار کھیتوں میں جا گری جس کے نتیجہ میں 24 سالہ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ چک خواجہ عارف کے نزدیک ٹرالہ کی ٹکر سے منی ٹرک الٹ گیا جس سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ ساہیوال سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ساہیوال عارف والا روڈ پر کمیر کے قریب دھند کے سبب دو ٹرکوںمیں تصادم سے ایک ٹرک ڈرائیور محمد رمضان 60سالہ جاں بحق، کنڈکٹر سلیم شدید زخمی ہوگیا۔ چک 9-176 ایل کے قریب دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر میں ایک بیوپاری ذوالفقار علی جاں بحق جبکہ چک 9-186 ایل کا 20سالہ امانت علی، 163ای بی کا 14سالہ قدیر چک 5-64 ایل کا 15سالہ ریحان میر داد مافی کا 20سالہ ناصر شدید زخمی ہو گئے۔ چک 9-106 ایل کے 30سالہ امین فرید ، چک14-5ایل کا 40سالہ عبدالرشید، فتح شیر کالونی کا 20سالہ ریاست الرحمن، فیصل آباد کا 21سالہ غلام مصطفی شدید زخمی ہو گئے۔ ستراہ سے نامہ نگار کے مطابق سموگ کے باعث ٹریفک کے دو مختلف حادثات میں 2افراد جاں بحق 7افراد شدید زخمی تھانہ ستراہ کے علاقہ کوریکی کا اویس اپنی موٹرسائیکل پر سلمان اور ارشد کے ہمراہ ستراہ سے واپس گائوں جا رہا تھا ان کو پیچھے سے آنیوالی تیزرفتار چاندگاڑی نے ٹکر ماردی جس سے اویس موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ سلمان اور ارشد کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا جبکہ ظفر وال کا محمد نواز اپنے پانچ عزیزوں کے ہمراہ کیری ڈبہ میں گوجرانوالہ سے سیالکوٹ کی طرف جارہاتھا جب وہ موضع جیسروالہ سٹاپ کے قریب پہنچے تو ان کے کیری ڈبہ کو تیزرفتار ٹرک نے ٹکر ماردی جس سے محمد نواز موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا اورکیری ڈبہ میں سوار پانچ افراد شدید زخمی ہوگئے۔ لاہور سے نیوز رپورٹر کے مطابق پنجاب میں سموگ کی حالیہ لہر بھارت میں وسیع پیمانے پر جلائی جانے والی دھان کی فصل کی وجہ سے ہے۔ صورتحال طبی لحاظ سے متاثر کن نہیں اور نہ ہی خطرناک حد تک پہنچی ہے تاہم ماحول کو آلودہ کرنے والے 222 غیرقانونی منی پٹرول پمپ بند کر دیئے گئے۔ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر 70 سے 100 کلومیٹر سڑکوں کی واشنگ کی جارہی ہے۔ ڈسٹ کو کنٹرول کرنے کے لیے پانی کا چھڑکائو کیا جا رہا ہے، درختوں کے پتوں کو دھویا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تحفظ ماحول بیگم ذکیہ شاہنواز نے مختلف ماہرین کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ سپیشل سیکرٹری سیکنڈری ہیلتھ اینڈ کئیر فیصل ظہور نے بتایا کہ پنجاب میںسموگ کی موجودہ صورتحال طبی لحاظ سے متاثر کن نہیں اور نہ ہی خطرناک حد تک پہنچی ہے۔ سیکرٹری تحفظ ماحول ریٹائرڈ کیپٹن سیف انجم نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ سموگ میں ہماری لوکل حصہ داری بہت کم ہے۔ پریس کانفرنس میں ایڈیشنل سیکرٹری تحفظ ماحول محمد زمان وٹو، ایڈیشنل سیکرٹری صحت ٹیکنیکل ڈاکٹر سلمان شاہد، تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ لاہور سے سپورٹس رپورٹر کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے تمام علاقوں میں سموگ کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس نے بڑھتی دھند کے پیش نظرڈرائیورزکو ریفلیکٹر کیساتھ فوگ لائٹ کے استعمال کی ہدایت جاری کر دی۔ پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا مغرب کے بعد سموگ کے باعث زیادہ تر پروازیں لاہور ائرپورٹ پر نہیں اتر سکیں۔ مغرب سے قبل ہی شہر میں اندھیرا چھا گیا۔ موٹروے پر حدنظر صفر ہو گئی جس کے باعث موٹروے کو کئی گھنٹوں کے لئے بند رکھا گیا۔ آئندہ 12 گھنٹوں میں ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک ر ہے گا جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میںملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے دھند کی لیپٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں میں تاخیرکے باعث نومبر اور دسمبر میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ نومبر کے وسط سے دسمبر کے آخرتک گہری دھند کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سموگ کی صورتحال زرعی سرگرمیوں کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ بھارت سے سموگ کے آنے کا اعتراف کرتے ہوئے انسداد آلودگی بورڈ بھارتی پنجاب کے چیئرمین کہان سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ دھان کی فصل کی باقیات کو جلانے سے جو سموگ پاکستان پہنچ رہی ہے اس کی وجہ مشرقی ہوائیں ہیں۔
لاہور+اسلام آباد(نیوز رپورٹر+ این این آئی+نامہ نگاران+نوائے وقت رپورٹ) بجلی کی لوڈ شیڈنگ لاہور سمیت ملک بھر میں دوبارہ شروع ہو گئی۔ واپڈا کے زیر انتظام پن بجلی کے یونٹ سے بجلی کم پیدا ہونے اور فرنس، ڈیزل، گیس پر چلنے والے پاور پلانٹ بند ہونے سے بجلی کے نظام سے تقریباً4ہزار میگا واٹ بجلی کم ہو گئی۔ جس سے بجلی کی سپلائی اور ڈیمانڈ میں واضح فرق پیدا ہو گیا، تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی۔ لاہور اور دیگر شہروں میں بھی6سے 8گھنٹے بجلی بند کی جانے لگی۔ لاہور میں سبزہ زار، علامہ اقبال ٹائون سمیت کئی علاقوں میں بجلی بند ہے، منگلا ، تربیلا سمیت دیگر آبی ذرائع سے7200میگا واٹ کی بجائے 3ہزار میگا واٹ سے کم بجلی پیدا ہو رہی ہے، دوسری طرف متعدد پاور پلانٹس ڈیزل ، فرنس آئل سے چلنے والے بھی بند ہیں، سوئی نادرن گیس پائپ لائن نے سردیوں کی آمد کے ساتھ گیس پر چلنے والے پاور پلانٹس کو200ملین کلب کیوبک فٹ گیس کم کر دی ہے جس سے 500میگا واٹ بجلی کی کمی واقع ہوئی ہے اس صورتحال کے بعد لاہور سمیت ملک بھر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو ا ہے اور10نومبر تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔جبکہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے کہا ہے کہ اسموگ کے باعث ملک کے مختلف شہروں کوبلیک آوٹ سے بچالیا۔میڈیا رپورٹس میں ترجمان پاورڈویژن کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ 400میگاواٹ کا جام شورو، 700میگاواٹ کا کیپکو پلانٹ ،9 سو 85 میگا واٹ کا حبکو، چونیاں، لبرٹی، حبکو نارووال اور اٹلس پاور پلانٹ اور 1ہزار میگاواٹ کا مظفر گڑھ بجلی گھر بند ہوگیا ہے جبکہ ٹرپنگ کے باعث چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پلانٹ وفاقی حکومت کی جانب سے بند کئے گئے ہیں ۔وزارت توانائی کے پاور ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے 500 اور200کے وی گرڈ اسٹیشنز کو ٹرپنگ سے بچایا۔پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ نیوکلیئر پاور پلانٹس میں چشمہ ون، ٹو، تھری اور فور شامل ہیں جب کہ اسموگ کے باعث چاروں نیوکلیئر پاورپلانٹ بھی بند ہیں تاہم ان پاور پلانٹس کی 72 گھنٹوں میں بحالی متوقع ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شدید اسموگ نیشنل ٹرانسمشن سسٹم کے لیے سخت چیلنج ہے۔پاور ڈویژن کے اعلامیے میں بتایا گیاہے کہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر مہنگے تیل پربجلی بنانے والے 4250 میگاواٹ کے 4 پاورپلانٹس بند کردیئے گئے ہیں۔ جامشورو اور700 میگاواٹ کا کیپکو پاورپلانٹس شامل ہیں۔پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر1200 میگاواٹ کے نشاط پاور اور نشاط چونیاں پاور پلانٹس، لبرٹی، حبکو نارووال اور اٹلس پاورپلانٹس بھی بند کردیئے گئے ہیں۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پن بجلی کی پیداوار7 ہزار کی صلاحیت کے مقابلے میں 2700 میگاواٹ ہے تاہم صورت حال کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیوں کو لوڈ مینجمنٹ کی ہدایت کر دی ہے ۔شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شیخوپورہ اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے حکومتی دعووں کی نفی کردی ہے طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے جبکہ کاروباری حلقوں نے بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا کاروبار تباہی کی طرف جا رہا ہے حکومت بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ پر توجہ دینے کی بجائے ایک نا اہل شخص کو پراٹوکول دینے پر لگی ہوئی ہے ۔شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی آبادی جنڈیالہ روڈ بند کی آبادیوں کی خواتین نے گیس کی بندش کیخلاف لاہور، فیصل آباد لنک جنڈیالہ روڈ کو ٹائر جلا کر بند کر دیا اور گھروں سے برتن بھی ساتھ لے آئیں اور آر ایم سوئی نادرن گیس شیخوپورہ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتی رہیں خواتین نے سڑک پر ٹائر اور ہاتھوں میں برتن اٹھا رکھے تھے ۔صفدرآبادسے نامہ نگارکے مطابق صفدرآباد میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ 20گھنٹے ہونے پرانجمن تاجراں کا زبر دست احتجاج ۔مسلسل آٹھ آٹھ گھنٹے بجلی غائب ہونے سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ بار بار ٹرپنگ سے الیکٹرونکس اشیاء جلنے سے لوگوں کا لاکھوں کا نقصان ہونے لگا۔انجمن تاجراں کااجلاس زیر صدارت حاجی فیض الرسول قمر ہوا۔اجلاس میں حکیم محمد ارشد ،میاں محمد اسلم ،ملک محمد سلیم ،فیاض احمد چھینہ،امجد فاروق سندھو،ملک محمد امجد ،شیخ عظیم نواز،عابد ریاض چوہدری نے شرکت کی۔اجلاس میں صفدرآباد میں ہونے والی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جس کا دورانیہ 20گھنٹے تک پہنچ چکا ہے زبر دست احتجاج کیا گیا۔بجلی کی مسلسل 8 گھنٹے ہونے والی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔مساجد سے پانی ختم ہو نے پر عوام نماز جمعہ سے محروم رہ گئے ۔مسلسل ہونے والی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار ی نظام ختم اور مزدور بے روز گار ہونے لگے۔انجمن تاجراں نے اعلیٰ احکام سے مطالبہ کیا کہ صفدرآباد میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کو بند کیا جائے ۔لیسکو نے شہروں ، دیہات میں لوڈ شیڈنگ کا شیڈول جاری کر دیا نیشنل گرڈ سے لیسکو کا کوٹہ2200میگا واٹ سے کم کر کے 1100میگا واٹ کر دیا گیا ہر گھنٹے بعد ایک گھنٹے کیلئے فیڈر بند رہے گا، مجموعی طور پر 12گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈول دیا گیاہے، بد ترین لوڈ شیڈنگ سے صارفین پر یشان ہو گئے بجلی کی عدم فراہمی سے پانی غائب ہو گیا ، لیسکو ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر فرنس، ڈیزل والے پاور ہائوسز بند کئے گئے واٹر گیس کی کمی شارٹ فال بڑھنے کی بڑی وجہ ہے۔ حکومت نے فرنس آئل ، ڈیزل پر چلنے والے بند پاور پلانٹس چلانے کا فیصلہ کریں، وفاقی حکومت نے پلانٹس چلانے کیلئے پاور ڈویژن کو ہدایت جاری کر دی نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کے ہدایت کی ہے کہ جہاں فروخت ہو فرنس آئل کے پلانٹ چلائے جائیں پاور ڈویژن نے نیشنل پاور کنٹرول سنٹر کو ہدایات جاری کردی فرنس آئل پلاٹنس ضرورت کے مطابق اور میرٹ آرڈر پر چلائے جائیں گے چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ 1سے بجلی پیداوار شروع ہو گئی۔ترجمان پاکستان اٹامک انرجی کمشن نے بیان میں کہا ہے کہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ سموگ سے بند نہیں ہوئے پلانٹ سموگ سے ایف ٹی ڈی سی ٹرانسمشن سسٹم میں خرابی کے باعث بند ہوئے بجلی کی طلب میں اضافے سے چشمہ ٹو اور تھری بند ہوئے آج دونوں اپنی اسقدار کار کے مطابق کام شروع کر دیں گے۔لاہور نوائے وقت رپورٹ ملک میں 8سے 10گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا امکان ہے ۔ قصور اور گردو نواح میں 4گھنٹے سے بھلی معطل ہے۔ بھی کے تعطل سے شہری پریشان ہیں۔ بورے والا، گگو منڈی، وہاڑی میں 7گھنٹے سے بجلی بند ہے اوکاڑہ اور گردو نواح میں8گھنٹے سے بھی بند ہے۔