نوازشریف وہ دن یاد کریں جب زرداری کیساتھ ملنے سے انکار کیا اب نہیں بچائیں گے: خورشید شاہ
اسلام آباد+ لندن (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف وہ دن یاد رکھیں جب زرداری کیساتھ ملاقات سے انکار کیا تھا، اس وقت انہوں نے خود کسی کو خوش کرنے کیلئے یہ ملاقات نہیں کی تھی، میاں صاحب یہ بتائیں کہ اس وقت کس کو خوش کرنے کیلئے ایسا کیا تھا یہ مکافات عمل ہے، اب نواز شریف مشکل میں ہیں، جمہوریت مشکل میں نہیں، میاں صاحب جمہوریت کو مشکل میں آنے سے بچائیںاور اپنی مشکلات کا ملبہ جمہوریت پر نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ بار بار کہا تھا پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں لیکن بات نہ سنی جمہوریت بچانے کیلئے پہلے نوازشریف کو ایک بار بچایا اب ان کو کسی صورت نہیں بچائیں گے۔ پیپلز پارٹی کے رہنمائوں نیئر حسین بخاری اور چودھری منظور نے کہا ہے کہ نواز شریف اداروں پر تنقید کر کے نیا معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، نوازشریف نے ہمیشہ محسنوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ،نواز شریف کی تاریخ محسن کش کی ہے، نواز شریف اپنی پارٹی اور خاندان کی گروپ بندی سے توجہ ہٹانے کیلئے بیانات دے رہے ہیں، نواز شریف زرداری صاحب پر بات کرنے سے پہلے اپنے کردار کا جائزہ لیں،نا اہل شخص کا ممبران پارلیمنٹ اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفتر کا سیاسی استعمال پارلیمنٹ کی توہین ہے ، حکومت نا اہل شخص کو پروٹوکول دیکر بدعنوانی کی سرپرستی کر رہی ہے۔ جمعہ کو ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری اور پیپلز پارٹی کے سیکر ٹری اطلاعات چوہدری منظور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ چوہدری منظور نے کہا کہ ہم کسی کی خوشی نہیں نواز شریف کے دھوکے سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں،پی پی پی نے ہمیشہ جمہوریت کیلئے نواز شریف کا ہاتھ پکڑا اور نواز شریف نے ہمیشہ سود ے بازی کی۔ سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے نوازشریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میاں صاحب کو مشکل وقت میں آصف علی زرداری یاد آجاتے ہیں، میاں صاحب بتائیں کہ وہ کس کے کہنے پر کالا کوٹ پہن کر سپریم کورٹ گئے اور کس کو خوش کرنا چاہتے تھے آصف علی زرداری ایک منجھے سیاستدان ہیں وہ کسی کو خوش کرنے کیلئے کام نہیں کرتے انہوں نے کہا ہے کہ میاں صاحب یہ بتائیں رات کی تاریکی ہماری حکومت کیخلاف وہ کس سے ملتے رہے، چوہدری افتخار سے ملکر پیپلز پارٹی کیخلاف سازشیں کس کے کہنے پر کرتے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے شیری رحمان فیوچر آف پاکستان کے سیمینار میں شرکت کیلئے لندن پہنچ گئے۔ قمر زمان کائرہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام کی زبان بولتی ہے۔ آصف زرداری جمہوریت کی زبان بول رہے ہیں‘ نوازشریف سے ذاتی لڑائی نہیں۔ نوازشریف دعوت دے کر ملکر جاتے ہیں۔ نوازشریف اداروں سے لڑائی اور جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔ جمہوریت نوازشریف کو سوٹ نہیں کرتی‘ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ ایک جہاز میں سفر اتفاقیہ ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ سندھ میں نیب کا رویہ الگ اور پنجاب میں الگ ہے‘ عدالتوں سے کبھی نہیں بھاگے لیکن نیب برابری کا سلوک کرے‘ دہرے معیار کی وجہ سے عوام میں اشتعال پھیل رہا ہے۔