بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران انوکھا واقعہ
ملتا ن(سپورٹس ڈیسک)بھارت کے بڑے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں ایک شخص کے میچ کے دوران پچ پر گاڑی چلانے پر وہاں موجود انٹرنیشنل کھلاڑی ہکا بکا رہ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دلی کے نواحی علاقے پالم کے ایئرفورس گراؤنڈ میں کھیلے جارہے رانجی ٹرافی ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں دہلی اور اترپردیش کی ٹیمیں مد مقابل تھیں کہ اس دوران ایک شخص گاڑی چلاتا ہوا میدان کے اندر داخل ہوگیا اور پچ پر گاڑی گھوماتا رہا جس کی وجہ سے میچ روکنا پڑگیا اور گراونڈ میں موجود پلیئرز بدحواسی کے عالَم میں ایک دوسرے کا منہ دیکھتے رہے۔قابل ِ ذکر بات یہ ہے کہ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا، گراؤنڈ میں عالمی سطح پر بھارت کی نمائندگی کرنے والے نامورکھلاڑی گوتم گمبھیر اور اشانت شرما بھی موجود تھے جو بے بسی کی تصویربنے رہے۔اس اچانک پیدا ہونے والی صورتحال نے سیکورٹی اہلکاروں اور گراؤنڈ اسٹاف کی دوڑیں لگوادیں جو بھاگتے ہوئے میدان میں پہنچے اور کار سوار کو گرفتار کرنے کے بجائے بات چیت کرکے اسے باہر لے جانے میں کامیاب ہوگئے۔