فری بلوچستان کے اشتہارات‘ سیکرٹری خارجہ کا برطانوی ہائی کمشنر کو فون‘ شدید احتجاج
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو سے ٹیلیفون پر بات کی اور لندن میں ٹیکسیوں پر درج ’فری بلوچستان‘ کے اشتہارات اور دیگر ذرائع سے پاکستان کی جغرافیائی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف درج نعرے نشر کرنے پر ان سے شدید احتجاج کیا اور اسے ملک کی سالمیت و خود مختاری پر براہ راست حملہ قرار دیا۔ دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے یہ معاملہ الگ سے برطانیہ کی وزارت خارجہ کے ساتھ بھی اٹھایا گیا ہے۔ تہمینہ جنجوعہ نے برطانوی ہائی کمشنر کو مطلع کیا پاکستان اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ان تمام نعروں کو مسترد کرتا ہے جو مذموم عزائم کے ساتھ پاکستان کی جغرافیائی سالمیت اور خود مختاری کو نشانہ بنانے کی کوشش پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مذموم مہم کے پس پردہ کارفرما عزائم سے بخوبی آگاہ ہے لیکن ایک دوست ملک کی سرزمین ایسی سرگرمیوں اور غلط مہم کیلئے استعمال نہیںہونی چاہیے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اسی قسم کی مہم جنیوا میں بھی چلائی جا چکی ہے جس پر پاکستان نے سوئٹزر لینڈ سے شدید احتجاج کیا تھا۔