ناروے: مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے 2 علمبرداروں کو کل ٹوروف رفٹو ایوارڈ دیا جائیگا
برجن(آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) عالمی سطح پر کشمیریوں کی بہت بڑی کامیابی اور بھارت کی ناکامی ہوئی ہے، ناروے میں مقبوضہ کشمیر کے انسانی حقوق کے 2علمبرداروںکو (کل) اتوارکو ٹوروف رفٹو ایوارڈ سے نوازا جائے گا، ایوارڈ دینے کی تقریب کے بعد ایک ہزار لوگ برجن شہر میں شمع اٹھاکر جلوس نکالیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ناروے میں مقبوضہ کشمیر کے انسانی حقوق کے 2علمبرداروں کو ٹوروف رفٹو ایوارڈ دیا جائے گا۔ ایوارڈ انسانی حقوق کے ممتاز ناریجن علمبردار پروفیسر ٹورولف رفٹوکی یاد میں دیا جاتا ہے۔ ٹوروف رفٹو ایوارڈ 5نومبرکو امروز پرویز اور پروینا آہنگر کو دیا جائیگا۔ پرویز امروز مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیلئے کام کرنیوالی تنظیم سے وابستہ ہیں، پروینا آہنگر کئی سال سے مقبوضہ کشمیرکے گمشدہ نوجوانوں کی تلاش کاکام کررہی ہیں۔ ایوارڈ دینے کی تقریب کے بعد ایک ہزارلوگ برجن شہر میں شمع اٹھاکر جلوس نکالیں گے۔اس ایوارڈ نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں ایک بار پھر بطور حل طلب مسئلہ پیش کیا ہے۔