وفاقی تعلیمی بورڈ نے میٹرک کے ضمنی امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا
اسلام آباد (آن لائن)وفاقی تعلیمی بورڈ نے سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) کے سپلیمنٹری امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے، امتحانات میں کامیابی کا تناسب44.95 فیصد رہا۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جمعہ کو جاری نتائج کے مطابق ستمبر اکتوبر میں ہونے والے ایس ایس سی کے سپلیمنٹری امتحانات میں 10096 امیدواروں نے حصہ لیا جس میں سے 4538 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ بورڈ نے نتائج ویب سائٹwww.fbise.edu.pk پر جاری کردیئے ہیں جبکہ نتائج 5050پر ایس ایم ایس کرکے بھی حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ بورڈ حکام نے بتایاکہ تمام نتائج امیدواروں کے دیئے گئے پتوں پر ارسال کردیئے گئے ہیں، سپلیمنٹری کے امتحانات 2017ء میں 18امیدواروں کے خلاف امتحانات میں ناجائز ذرائع استعمال کرنے کے مقدمات بنائے گئے۔ بورڈ اعلامیے کے مطابق بورڈ نے تمام کیسز کے لئے انصاف کاعمل مکمل کیا اور ہر ایک کو صفائی کا پورا موقع فراہم کیا گیا، تمام کیسز کو نمٹا دیا گیا۔دوسری جانب وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام سیکنڈری سکول سرٹیفکیٹ (ایس ایس سی) کے سالانہ امتحانات 2018ء کے داخلوں کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ان متحانات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدوار 20نومبر تک داخلہ بھجواسکتے ہیں۔ 21 نومبر سے 13 دسمبر تک داخلہ فیس ڈبل وصول کی جائے گی جبکہ امیدوار ٹرپل فیس کے ساتھ 11جنوری 2018ء تک داخلہ بھجوا سکتے ہیں۔ ایس ایس سی پارٹ ون کے لئے داخلہ فیس 1100جبک پارٹ ٹو کے لئے بھی 1200روپے فیس مقرر کی گئی ہے۔ دونوں پارٹس کاامتحان دینے والے امیدوار 2300روپے داخلہ فیس جمع کرائیں گے۔ امپروومنٹ کے لئے امتحان دینے والے امیدواروں بالترتیب ایک ایک سو روپیہ اضافی فیس جمع کرانا ہوگی۔ رجسٹریشن فیس 600روپے مقرر کی گئی ہے۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام ریگولر طلباء کے لئے فیس ہزار ہزار روپے ہو گی۔