سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے: گورنر رجوانہ
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے علوم کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس شعبے میں طلباء و طالبات کی مہارت اور تخلیقی صلاحیتیں قابل تحسین ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے ،قومی ترقی کے مقاصد اس وقت حاصل ہو سکتے ہیں جب پڑھے لکھے نوجوان خدمت انسانیت ، قومی استحکام اور ترقی کے جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتیں بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو قوموں کی برادری میں نمایاں مقام دلانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔انہوںنے یہ بات یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کے 17 ویں کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میںپروچانسلرو صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن سید رضا علی گیلانی ، رجسٹرار منصور بلوچ، انجینئر قمر الاسلام راجہ ، فکلٹی ممبران ، والدین اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مختلف شعبوں میں 1200 طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئیںاور100 طلباء و طالبات کو ان کی بہترین کارکردگی پر گولڈ میڈل دیئے گئے۔ گورنر پنجاب و چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا ملک محمدرفیق رجوانہ نے کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اکیسویں صدی کے گریجویٹس کو بھرپور مواقع حاصل ہیں ، جس رفتار سے علمی اور تعلیمی ترقی ہو رہی ہے اس میں علمی قابلیت کا امتحان ہے اور دنیا کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے ضروری ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم کو حصول علم کاموثر ذریعہ بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ طلباء و طالبات کے لئے آج کا دن حصول مقصد کا دن ہے ۔پاکستان کی مقتدر یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونا طلباء و طالبات کے لئے ایک نعمت اور اعزاز ہے ۔ انہوںنے اس موقع پر کشمیری عوام کا ذکر کیا جو اپنے حقوق اور آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیںاور انہیں اعلی تعلیم کے مواقع حاصل ہونا تو درکنار اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا بھی حق حاصل نہیں انہوں نے روہنگیائین مسلمانوں کے مصائب کا بھی ذکر کیا جن کے لئے اپنی زندگی بچانا مشکل ہے لیکن پاکستان کے نوجوان خوش قسمت ہیں جنہیں بہترین تعلیمی ماحول اور مواقع میسر ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ پاکستان سورت رحمن کی جیتی جاگتی تصویر ہے جس کے مطابق قدرت نے ہمیں ہر نعمت سے نوازا ہے اور پاکستان کی وجہ سے طلباء و طالبات کو اعزاز اور وقار حاصل ہوا ہے جس کا انہوں نے قرض اتارنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے فروغ تعلیم کے لئے ہر ممکن وسائل مہیا کئے ہیں،سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں کے قیام کیلئے خطیر فنڈز فراہم کئے گئے ہیںتعلیمی وظائف کے ساتھ ساتھ باصلاحیت طلباء و طالبا ت کو ہر ممکن سہولیات اور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے وزیر ہائیر ایجوکیشن و پروچانسلر انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا سید رضا علی گیلانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات سے کہاکہ وہ اپنی عملی زندگی میں بہترین مسلمان اور بہترین پاکستانی بنیں اور دنیا میں پاکستانی ڈگری کا وقار بلند کریں۔