ڈاکٹر عاصم حسین کا ریفرنسز پر نظر ثانی کیلئے چیئرمین نیب کو خط
کراچی(این این آئی)سابق مشیر پیٹرولیم اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاصم حسین نے ریفرنسز پر نظرثانی اور ملاقات کے لیئے چیئرمین نیب جسٹس(ریٹائرڈ)جاوید اقبال کو خط لکھاہے۔تفصیلات کے مطابق سابق مشیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے اپنے وکیل فاروق ایچ نائیک کے توسط سے کرپشن ریفرنسز پر نظرثانی کے لیئے چیئرمین نیب کو خط لکھاہے۔ فاروق ایچ نائیک نے خط میں لکھاہے کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف دونوں ریفرنسز سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے ہیں۔ خط کے ذریعے جسٹس(ر)جاوید اقبال سے ملاقات کیلئے وقت بھی مانگ گیا ہے۔ فاروق ایچ نے لکھا کہ میں اپنے موکل ڈاکٹر عاصم کے ہمراہ ملنا چاہتا ہوں۔خط کے مطابق سابق چیئرمین نیب چوہدری قمر زمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ ڈاکٹر عاصم کے خلاف ریفرنسز میں قانونی جھول اور خامیوں کی نشاندہی کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر عاصم کا خط نیب اسلام آباد ہیڈ کوارٹر کو موصول ہوگیاہے۔