نواز شریف’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کے ورد سے باہر نکل کر عدالتوں کا سامنا کریں: ترین
لودھراں ( خبرنگار) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنر ل و ممبر قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین نے کہاہے کہ عمران خان ہی وہ واحد لیڈر ہیں جو جنوبی پنجاب کو تخت لاہور سے نجات دلوائیں گے، کارکنوں کی طاقت سے عمران خان اگلے وزیراعظم ہوںگے ۔نوازشریف کان کھول کر سن لے کہ اب اسے کوئی این آر او نہیں بچا سکتا۔نوازشریف کا احتساب ہوگا اور ضرور ہوگا۔لودھراں میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت اور مختلف علاقوں میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ نوازشریف مجھے کیوں نکالا کے ورد سے باہر نکل کر عدالتوں کا سامنا کریں۔مسلم لیگ ن اس وقت مکمل انتشار کا شکارہے۔حکومت کوشش کے باوجود نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے ترمیم اسمبلی میں پیش نہیں کرسکی۔ آئینی ترمیم کے لئے ان سے اپنے ممبران تک پورے نہیں ہوئے۔ترمیم پیش نہ ہونے کا مطلب حکومت پر عدم اعتماد ہے ۔اب وقت آگیا ہے کہ ن لیگ اسمبلیاں تحلیل کرکے نئے انتخابات کا اعلان کرے۔قبل از وقت الیکشن کے علاوہ ملک میں سیاسی بحران کا اور کوئی حل نہیں ہے۔ہم نئے الیکشن کے لئے تیار،انشاء اللہ اگلی حکومت ہماری ہوگی۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت دیہی علاقوں میں پی ٹی آئی کے جلسے ہماری عوامی رابطہ مہم کا حصہ ہیں۔جہانگیر ترین نے کہا کہ نوازشریف اپنے بھائی کے وزیر اعلیٰ ہونے اور اپنا ہی وزیر اعظم ہونے کے باوجود کہہ رہے ہیں کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔ جہانگیر خان ترین نے گزشتہ روز لودھراں شہر میں پی ٹی آئی کے رہنما رانا محمد انور کی اہلیہ اور سٹی جنرل سیکرٹری رانا شہزاد انور کی والدہ کی وفات پر تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔جہانگیر ترین نے یونین کونسل ساندھی والا میں پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین ملک عباس ارائیں کے کزن کی وفات پر لواحقین سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی ۔